کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی کا مطالبہ، معمولی بارش پر گھنٹوں ٹریفک درہم برہم
حیدرآباد ۔ 25۔جون (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے شہر میں ٹریفک مسائل کی یکسوئی کیلئے چیف منسٹر کی جانب سے اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں ٹریفک کا نظام ابتر ہے۔ چیف منسٹر کو فوری اجلاس طلب کرکے مسئلہ کا حل تلاش کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں عام دنوں میں روزانہ مصروف اوقات میں 2 تا 3 گھنٹے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے ۔ جبکہ بارش کی صورت میں 5 تا 8 گھنٹے ٹریفک جام رہتی ہے۔ پرانے اور نئے شہر میں کوئی فرق نہیں رہا ۔ دونوں جگہ عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن پر ٹی آر ایس اور مجلس کا قبضہ ہے لیکن دونوں کو ٹریفک مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ جگا ریڈی نے تجویز پیش کی کہ ٹریفک پولیس اور میونسپل کارپوریشن عملہ کی تعداد میں اضافہ کرکے ان مقامات پر مستقل تعیناتی عمل میں لائی جائے جہاں عام دنوں اور بارش میں ٹریفک جام ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانسون کے ساتھ ہائی ٹیک سٹی ، مادھا پور ، جوبلی ہلز ، بنجارہ ہلز کے علاوہ پرانے شہر کے علاقوں میں ٹریفک جام سے عوام کو مشکلات پیش آرہی ہے۔ چند منٹوں کی بارش سے یہ حال ہے ، اگر بارش کا سلسلہ جاری رہا تو صورتحال سنگین نوعیت اختیار کرلیگی۔ مصروف اوقات میں ملازمت کیلئے جانے والے افراد ، طلبہ اور عام شہریوں کی مشکلات کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا ۔ جگا ریڈی نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کم کرنے راج شیکھر ریڈی حکومت میں آؤٹر رنگ روڈ تعمیر کی گئی اور میٹرو ٹرین کا آغاز ہوا۔ شہر میں دن بدن گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ چیف منسٹر کو چاہئے کہ اس جانب فوری توجہ کرکے جائزہ اجلاس منعقد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میئر حیدرآباد اور بلدی حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے مسئلہ کا حل تلاش کریں۔ میٹرو ٹرین میں روزانہ تین لاکھ افراد کے سفر کے باوجود ٹریفک میں کوئی کمی نہیں ہوئی ، لہذا حکومت کے متبادل انتظامات پر غور کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی حیثیت سے کانگریس تجاویز پیش کرسکتی ہے ، عمل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ جگا ریڈی نے ٹی آر ایس قائدین کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ ٹریفک مسائل کیلئے کانگریس ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پر تنقیدوں کے بجائے مسئلہ کے حل پر توجہ دی جائے ۔ عوام نے گریٹر حیدرآباد میں ٹی آر ایس کو اقتدار دیا ہے اور اسے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرنی ہوگی۔
