شہر میں ٹماٹر کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ

   

حیدرآباد۔17 نومبر(سیاست نیوز) ٹماٹر کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور شہر حیدرآباد میں ٹماٹر کی قیمت 50 روپئے سے تجاوز کرچکی ہے۔ آندھراپردیش میں پاٹھی کنڈہ ٹماٹر مارکٹ میں فی کیلو ٹماٹر کی قیمت 80 روپئے تک پہنچ چکی ہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ اس مارکٹ میں فی کنٹل ٹماٹر کی قیمت 8000روپئے ریکارڈ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کسانوں میں خوشی کا ماحول دیکھا جا رہاہے۔ ضلع کرنول کی مارکٹ سے نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک کی مختلف ریاستوں کو ٹماٹر روانہ کئے جاتے ہیں ۔ حیدرآباد اور تلنگانہ کے اضلاع کے علاوہ شہر کے نواحی و مضافاتی اضلاع سے ٹماٹر فروخت کے لئے لائے جاتے ہیں۔ دونوں شہروں کے مختلف بازارو ںمیں ٹماٹر کی قیمتوں میں زبردست اچھال ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں مزید اضافہ ریکارڈکیا جائے گا۔رعیتو بازار میں ٹماٹر کی قیمت 50 روپئے تا 55روپئے کے درمیان ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر ٹماٹر 60تا65 روپئے فی کیلو فروخت کئے جا رہے ہیں۔