املی بن بس اسٹیشن عارضی طور پر بند‘ عثمان ساگر کے 15، حمایت ساگر کے 9 دروازے کھول دیئے گئے، اہم راستوں کو بند کردیا گیا، ٹریفک مسائل
حیدرآباد 27 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست بھر میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ دو دن سے شہر حیدرآباد و مضافاتی علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے جڑواں ذخیرہ آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر لبریز ہوگئے ہیں۔ عہدیداروں نے عثمان ساگر کے 15 اور حمایت ساگر کے 9 دروازے کھول کر 35 ہزار کیوسکس پانی چھوڑا جس کے نتیجہ میں موسیٰ ندی میں پانی کی سطح خطرہ کے نشان سے اوپر جا پہنچی۔ موسیٰ ندی میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث ندی کے کنارے کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عوام نے رات بھر جاگ کر گذاری۔ حکام نے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ۔ مہاتما گاندھی املی بن بس اسٹیشن پانی میں ڈوب گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر عہدیداروں نے رسی کی مدد سے عوام کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا۔ موسیٰ ندی کے کنارے کی بستیوں میں پانی میں پھنسے 1500 افراد کو سرکاری اسکولس و کمیونٹی سنٹرس منتقل کرکے کھانے پینے کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ ضرورت کے مطابق عوام کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ پانی میں پھنسے عوام کو ڈی آر این کی ٹیم کشتیوں کے محفوظ مقامات کو منتقل کررہی ہے۔ عثمان ساگر سے پانی کے اخراج سے باعث گنڈی پیٹ سے ناگول تک پانی تیزی سے بہہ رہا ہے جس کی وجہ سے کئی بستیاں پانی میں محصور ہوگئی ہیں۔ چادرگھاٹ کے قریب موسیٰ نگر کے 200 مکانات میں پانی داخل ہوگیا ۔ عوام اشیائے ضروریہ، سرٹیفکیٹس اور دیگر اسنادات پانی میں بھیگ کر ناکارہ ہوجانے کی شکایت کررہے ہیں۔ چادرگھاٹ کے قریب ونائیک ودھی، رسول پورہ علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات کو منتقل کیا گیا ۔ ملک پیٹ، چادرگھاٹ و دیگر مقامات پر بڑے پیمانے پر ٹریفک جام سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایم جی بی ایس اسٹیشن پوری طرح پانی میں محصور ہونے کی وجہ سے عارضی طور پر اس کو بند کردیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی مسٹر وی سی سجنار نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اضلاع کا سفر کرنے املی بن بس اسٹیشن نہ آئیں۔ آر ٹی سی سے مختلف مقامات سے اضلاع کیلئے بسیں چلائی جارہی ہیں۔ موسیٰ ندی پانی کے بہاؤ میں اضافہ سے پراناپل کے پاس مندر پانی میں ڈوب گیا۔ پجاری کا خاندان پانی میں پھنس گیا۔ حکام نے اس خاندان کو پانی سے باہر نکالا۔ ساتھ ہی شمشان گھاٹ بھی تقریباً ڈدوب گیا۔ پرانا پل پر 13 فیٹ بلندی سے پانی بہہ رہا ہے۔ موسیٰ ندی میں پانی کے بہاؤ میں تیزی کے بعد عنبرپیٹ تا دلسکھ نگر اہم راستوں کو عوام کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ موسیٰ رام باغ کے قدیم برج پر 10 فیٹ بلندی سے پانی بہہ رہا ہے۔ نئے برج کی تعمیر کیلئے رکھا گیا میٹریل بھی پانی میں بہہ گیا۔ چادرگھاٹ کے مختلف علاقوں میں چھتوں پر رہنے والے عوام کو ڈرون کے ذریعہ کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی گئی۔2
حیدرآباد کا باپو گھاٹ پانی میں محصور
حیدرآباد27ستمبر(یواین آئی)۔ شہر شدید موسی ندی کے بہاو میں اضافہ کے سبب باپو گھاٹ پانی میں محصورہوگیا۔ قریبی فلائی اوور کے نیچے پانی بھر جانے سے سارا علاقہ جھیل کی صورت اختیار کر گیا ۔ پولیس کی جانب سے وقتا فوقتا عوام کو انتباہ دیا جا رہا ہے کہ وہ چوکسی برتیں اور پانی کے قریب جانے سے گریز کیا جائے ۔ عوام میں بھی خوف دیکھا جا رہا ہے ۔