شہر میں پانی کی موثر سربراہی کیلئے مینجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس کا جائزہ اجلاس

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پانی کی موثر سربراہی پر مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس سدرشن ریڈی نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے پانی کی عدم سربراہی والے علاقوں میں ٹینکرس کے ذریعہ سربراہی کی ہدایت دی اور ٹینکرس کی تعداد میں اضافہ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ٹینکرس کی بکنگ میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ٹینکر کی سربراہی کے وقت کو گھٹاکر 24 گھنٹے سے 12 گھنٹے کیا جائے تاکہ عوام کو راحت ملے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حیدرآباد میں پانی کے حصول کے مراکز میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت اندرون 24 گھنٹے ٹینکرس کے ذریعہ سربراہی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپریل میں پانی کی سربراہی کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ دو ماہ کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ مینجنگ ڈائرکٹر نے کہاکہ رات کے اوقات میں بھی ٹینکرس کے ذریعہ سربراہی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ سربراہی کے وقت میں کمی کی جاسکے۔ مارچ کے مہینہ میں ٹینکرس کے ذریعہ 168996 درخواستوں کی یکسوئی کی گئی ۔ جاریہ ماہ 22 اپریل تک ٹینکرس نے 167134 ٹرپ کئے ہیں۔ واٹر ورکس بورڈ نے ٹینکرس کی تعداد میں مزید اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر نے شہری علاقوں میں آلودہ پانی کی سربراہی سے متعلق شکایتوں کی فوری یکسوئی کی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں ڈائرکٹر آپریشن اے کرشنا ، ریونیو ڈائرکٹر وی ایل پراوین کمار ، ڈائرکٹر آپریشن سوامی ، ٹیکنیکل ڈائرکٹر روی کمار اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 31 مارچ تک 613 ٹینکرس کا استعمال کیا گیا جبکہ اپریل میں ٹینکرس کی تعداد کو بڑھاکر 816 کیا گیا ہے۔ فیلنگ اسٹیشنوں کی تعداد 70 سے بڑھاکر 86 کی گئی ۔ 1