شہر میں پٹرول کی قیمت میں 10 دن میں 5 مرتبہ اضافہ

   

پٹرول فی لیٹر 105.52 ر وپئے اور ڈیزل فی لیٹر 97.96 روپئے تک پہونچ گیا
حیدرآباد۔ ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے ۔ گذشتہ 10 دن کے دوران شہر میں پٹرول کی قیمت میں پانچ مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے ۔ اتنے ہی ایام میں ڈیزل کی قیمت میں بھی پانچ مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 6 جولائی کے بعد سے باالترتیب 1.74 روپئے اور 0.56 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ جمعہ کو شہر میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 105.52 روپئے ہوگئی جبکہ ڈیزل کی قیمت 97.96 روپئے فی لیٹر تک پہونچ گئی ہے ۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں پٹرول کی قیمت 102.96 روپئے اور ڈیزل کی قیمت 97.20 روپئے فی لیٹر تھی ۔ پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ مئی سے شروع ہوگیا تھا اور 14 جون کو پٹرول کی قیمت 100 روپئے فی لیٹر کو پار کرگئی تھی ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پٹرول اسوسی ایشن کے صدر ونئے کمار کا کہنا ہے کہ فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے نتیجہ میں عوام کا ماہانہ بجٹ متاثر ہوگیا ہے ۔ خاص طور پر جو لوگ یومیہ اجرتوں پر کام کرتے ہیں انہیں فیول کی قیمتوں میں اضافہ سے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ حکومتوں کی جانب سے قیمتوں پر قابو پانے کچھ اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے اس اندیشے کا اظہار بھی کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ جاریہ ماہ کے ختم تک ڈیزل کی قیمت میں قدرے کمی آسکتی ہے ۔ بڑھتی فیول قیمتوں پر عوام میں بھی غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔