شہر میں پیاز کی کالا بازاری ، قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ

   

پیداوار میں کوئی کمی نہیں کسانوں کا دعویٰ ، ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے مصنوعی قلت
حیدرآباد۔26 نومبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں پیاز ایک مرتبہ پھر شہریوں کے آنسونکالنے کا سبب بننے لگی ہے اور اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ شہر حیدرآباد کے سرکردہ بازاروں میں پیاز کی قیمت11ہزار روپئے فی کنٹل تک پہنچ چکی ہے اور ریٹیل میں معیاری پیاز کی قیمت 125 روپئے فی کیلو سے تجاوز کرنے لگی ہے۔ حکومت تلنگانہ اور پڑوسی ریاستو ںکی حکومت کی جانب سے پیاز کی قیمتوں پر کنٹرول کے متعدد اقدامات کے دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن عملی طور پر اگر اس بات کا جائزہ لیا جائے تو پیاز کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے جو کہ شہریوں کے لئے مشکلات میں اضافہ کا سبب بننے لگا ہے۔ شہر حیدرآباد کے مارکٹ میں پیاز کی کالا بازاری کے سلسلہ میں متعدد شکایات وصول ہورہی ہیں اور ان شکایات کے ازالہ کے اقدامات کے بجائے شہر کے مارکٹس میں پہنچنے والی پیاز بغیر انٹری کے بازار میں موجود گوداموں تک پہنچنے لگی ہے۔ کسانوں کا کہناہے کہ پیداوار میںکوئی کمی نہیں ہے اور انہیں پیاز کی جو قیمت متعین ہے وہی ادا کی جا رہی ہے لیکن اس کے برعکس بازاروں سے جو اطلاعات موصول ہورہی ہیں وہ حیران کن ہیں۔ شہر حیدرآباد میں اعلی اور معیاری پیاز بعض مقامات پر 150 روپئے فی کیلو بھی فروخت کی جانے لگی ہے جس کے بنیادی اسباب کے متعلق ریٹیل تاجرین کا کہناہے کہ ٹھوک تاجرین اور عہدیداروں کی ملی بھگت کے سبب کی جانے والی کالا بازاری اور ذخیرہ اندوزی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے انتباہ جاری کئے جانے کے باوجود بھی شہر حیدرآباد میں پیاز کی کالابازاری اور ذخیرہ اندوزی پر کوئی کاروائی نہ کئے جانے کے سبب اس بات کا اندازہ ہورہا ہے کہ شہر میں یاز کی مصنوعی قلت پیدا کی جانے لگی ہے جس کا راست اثر شہریوں کو برداشت کرنا پڑرہا ہے۔حکومت تلنگانہ کے محکمہ زراعت کے مطابق پیاز کی پیداوار میں کوئی کمی نہیں ہے اور پیاز کی پیداوار توقع کے مطابق ہے لیکن طلب میں ہونے والے اضافہ کے سبب درآمدات پرتحدیدات کے باوجود پیاز کی قیمتو ںمیں ہونے والا اضافہ ناقابل فہم ہے۔ملک کی دیگر کئی ریاستوں میں پیاز کی فروخت کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم کئے جا رہے ہیں اور ان کاؤنٹرس کے ذریعہ پیاز کی فروخت عمل میں لائی جا رہی ہے۔شہر حیدرآباد میں ابھی یہ صورتحال پیدا نہیں ہوئی ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ ماہ کے اوائل میں حیدرآباد میں بھی خصوصی کاؤنٹرس کے ذریعہ پیاز کی فروخت عمل میں لائی جائے گی۔