شہر میں چار لاکھ افراد کے معائنوں کیلئے کٹس کے حصول کی کوشش

   

Ferty9 Clinic

شاد نگر میں خاتون اور نیلوفر ہاسپٹل میں لڑکی کی کورونا وائرس سے موت کے بعد چوکسی میں اضافہ

حیدرآباد۔7اپریل(سیاست نیوز) حکومت ریاست تلنگانہ میں 4لاکھ افراد کے معائنوں کی تیاریاں کررہی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے 4لاکھ معائنوں کے کٹس کے حصول کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کے معائنوں کو یقینی بنایا جائے کیونکہ شاد نگر میں خاتون کی موت اور نیلوفر میں زیر علاج 3لڑکی کی بغیر کسی بیرونی سفر کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی توثیق کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے انتہائی چوکسی اختیار کی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت ان تمام علاقو ںمیں شہریوں کے معائنوں کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جن علاقوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ ابتداء میں حکومت نے شہر حیدرآباد کے علاوہ ورنگل کریم نگر اور نظام آباد میں 2لاکھ افراد کے معائنوں کے اقدامات کا فیصلہ کیا تھا لیکن تبدیل ہورہی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریاست میں 4لاکھ افراد کے معائنہ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت نے جن مقامات کی مراکز کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے ان کے علاوہ جن مقامات کی ریڈ زون کی حیثیت سے نشاندہی کی گئی ان مقامات اور اطراف رہنے والوں کی مکمل تشخیص اور معائنہ کا فیصلہ کیا ہے اسی لئے 4لاکھ معائنوں کے کٹس کے حصول کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ قبل ازیں حکومت کی جانب سے اس بات کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ جن لوگوں کا بیرون ملک سفر کا ریکارڈ ہے ان کے معائنے کئے جائیں گے لیکن بعدازاں جب دہلی سے جڑے واقعات منظر عام پر آنے لگے تو حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ جن لوگوں نے دہلی کا سفر کیا ہے ان کے اور ان سے جڑے افراد کے معائنے کئے جائیں لیکن اب جبکہ بغیر دہلی اور بیرونی سفر کے ریکارڈ کے افراد کو کورونا وائرس سے متاثرہ پایا جانے لگا ہے تو حکومت کی جانب سے مکمل حکمت عملی تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔