اسکولس ، کالجس ، ایٹریز اور پان شاپس پر توجہ ، اسنیفر ڈاگس کی مدد سے چیکنگ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پولیس نے منشیات کی خرید و فروخت کے مقامات کا پتہ چلانے کے لیے تمام پبس ، تعلیمی اداروں اور ان رہائشی علاقوں میں جہاں زیادہ تر بیرونی ممالک کے افراد رہتے ہیں ، اسنیفر ڈاگس کا استعمال کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس ڈریلس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ کارروائی ریاست میں تمام پولیس کمشنریٹس کے لیے دفتر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کی جانب سے بنائے گئے ایک سات روزہ پروگرام کا حصہ ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے اسکولس اور کالجس کے اطراف 200 میٹر تک علاقہ پر نظر رکھی جائے گی اور ایٹریز اور پان شاپس پر توجہ دی جائے گی اور اس بات کی جانچ کی جائے گی کہ آیا وہ گانجہ یا کوئی اور ڈرگس تو سربراہ نہیں کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ پولیس عہدیدار ان علاقوں کی نشاندہی کریں گے جہاں چند مخصوص ممالک کے بیرونی افراد زیادہ تعداد میں رہتے ہیں اور اس طرح کے علاقوں میں اسنیفر ڈاگس کی مدد سے اچانک چیکنگ کی جائے گی ۔ چیک پوائنٹس کا انتظام کرتے ہوئے حیدرآباد اور وجئے واڑہ ، ممبئی اور بنگلورو جیسے مقامات کے درمیان چلنے والی بسوں میں چیکنگ کی جائے گی ۔ نیز ریلوے اسٹیشنس پر بھی اس طرح کی چیکنگ کی جائے گی ۔ پولیس کے پاس ڈرگس کا پتہ چلانے کے لیے 35 ٹرینڈ اسنیفر ڈاگس ہیں ۔ پولیس عہدیدار پارسل سروسیس اور ان کے ویر ہاوزس کی بھی چیکنگ کرینگے ۔۔