شہر میں ڈینگو مریضوں میں غیر معمولی اضافہ

   

جمع پانی اور کچرے کی بروقت نکاسی کی ضرورت، مچھروں سے بچاؤ کیلئے توجہ دی جائے

حیدرآباد۔10۔ستمبر۔(سیاست نیوز) شہر میں جاریہ ماہ کے دوران ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور عہدیدارو ںکے مطابق آئندہ 20 یوم کے دوران دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکے مطابق جاریہ ماہ کے اوائل سے ہی دونوں شہروں میں سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے والے ڈینگو کے متاثرین کی تعداد 40 سے تجاوز کرچکی ہے اور آئندہ دنوں میں ڈینگو کی مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے خدشات ہیں اسی لئے شہریوں کو اپنے اطراف جمع پانی کی صفائی کے علاوہ کچہرے کی نکاسی کے ذریعہ مچھروں کی افزائش پر قابو پانے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے جن علاقوں سے ڈینگو کے مریضوں کی بڑی تعداد دواخانوں سے رجوع ہو رہی ہے ان میں چارمینار ‘ سکندرآباد‘ ایل بی نگر‘ کوکٹ پلی اور شیرلنگم پلی کے علاقہ شامل ہیں ۔ خانگی دواخانوں سے رجوع ہوتے ہوئے ڈینگو کا علاج کروانے والے مریضوں کے ریکارڈ کے سلسلہ میں محکمہ صحت کی بلدی عہدیداروں کے پاس کوئی جواب نہیں ہے جبکہ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ ڈینگو کی علامتوں کے ساتھ بڑی تعداد میں مریض رجوع ہورہے ہیں جن میں ہر عمر کے افراد شامل ہیں۔ گذشتہ تین ماہ کے دوران دونوں شہروں میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد کے سلسلہ میں سرکاری اعداد و شمار کا کہنا ہے کہ ماہ جون‘ جولائی اور اگسٹ کے دوران مجموعی اعتبار سے 1530 مریضوں کی نشاندہی کی گئی تھی جو کہ سال گذشتہ اس مدت کے دوران پائے گئے ڈینگو کے مریضوں سے کافی کم تعداد رہی ۔ 2022 جون‘ جولائی اور اگسٹ کے دوران جملہ 2074 مریض ڈینگو سے متاثر ہوئے تھے جبکہ اس سال یہ تعداد کم رہی لیکن ماہ ستمبر کے دوران مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے شہر کے بیشتر علاقوں میں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے علاوہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ کچہرے کی صفائی کے ساتھ ساتھ کنڈوں‘ اور دیگر مقامات پر جمع پانی کی صفائی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ جمع پانی پر ہی مچھروں کی افزائش ہوتی ہے اسی لئے جمع پانی اگر صاف بھی ہوتو اسے تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں موسم میں آئی تبدیلی کے سبب بھی شہریوں میں بخار‘ سردی ‘ زکام اور نزلہ کے علاوہ اعضاء شکنی کی شکایات پائی جا رہی ہیں لیکن محکمہ صحت کے عہدیداروں اور ڈاکٹرس کا کہناہے کہ جب تک ڈینگو کا معائنہ مثبت نہیں پایا جاتاان بیماریوں کا علاج ڈینگو کے علاج کے طرز پر نہیں کیا جانا چاہئے ۔