موسم کی تبدیلی میں صفائی پر توجہ ضروری، مچھروں سے بچاؤ پر زور
حیدرآباد۔17اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے لیکن ڈینگو کے مریضوں میں سابق کی طرح شدت نہیں دیکھی جا رہی ہے بلکہ وہ ادویات سے ٹھیک ہونے لگے ہیں جبکہ سابق میں ڈینگو کے متاثرین کو پلیٹ لیٹس کی ضرورت محسوس ہوتی تھی اور انہیں خون سے حاصل کئے جانے والے پلیٹ لیٹس چڑھائے جاتے تھے۔ شہر حیدرآباد میں گذشتہ دو یوم کے دوران موسم کی تبدیلی کے بعد ڈاکٹرس کا کہناہے کہ آئندہ دنوں میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے اسی لئے شہریوں کو اپنے گھروں میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ ڈینگو سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے کہ مچھروں کی کثرت پر روک لگائی جائے کیونکہ ڈینگو مچھر کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماری ہے اور ڈینگوکی صورت میں مریض کو شدید بخار ‘ سردی کھانسی اور نقاہت جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ گذشتہ برسوں کے دوران ڈینگو کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے فیور ہاسپٹل میں خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ فیور ہاسپٹل انتظامیہ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران فیور ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے 30 مریضوں میں ڈینگو کی توثیق ہوئی ہے اور ان مریضوں کو بنیادی علاج کے ذریعہ ہی ٹھیک کرلیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ دو یوم کے دوران ہی 10ڈینگو مریضوں کی توثیق ہوئی ہے لیکن کسی بھی مریض میں مرض کی شدت ریکارڈ نہیں کی گئی ہے۔ اسی طرح خانگی دواخانوں سے بھی رجوع ہونے والے مریضوں میں ڈینگو کی علامات پائی جانے لگی ہیں لیکن ان میںبھی ڈینگو کے معمولی اثرات پائے جا رہے ہیں۔M