جگہ جگہ پولیس سے جھڑپیں، اندرا پارک پر ریونت ریڈی اور دیگر قائدین گرفتار ، پولیس اسٹیشن عنبر پیٹ کا گھیراؤ
حیدرآباد۔16 ۔جولائی (سیاست نیوز) پٹرولیم اشیاء کی اضافی قیمتوں کے خلاف کانگریس پارٹی کا چلو راج بھون پروگرام شہر میں جگہ جگہ پولیس کے ساتھ کانگریس کارکنوں کی جھڑپوں اور بڑے پیمانہ پر گرفتاریوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ۔ گزشتہ 7 برسوں میں کانگریس پارٹی کا یہ پہلا احتجاج تھا جس میں کارکنوں نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا اور تلنگانہ میں مضبوط اپوزیشن کے وجود کا احساس دلایا۔ پولیس نے چلو راج بھون ریالی کی اجازت نہیں دی جبکہ اندرا پارک دھرنا چوک پر جلسہ کی اجازت دی گئی ۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں نے صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیادت میں پولیس رکاوٹوں کو پھلانگ کر راج بھون کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کو چکمہ دے کر کارکنوںکا ایک گروپ کسی طرح راج بھون پہنچنے میں کامیاب ہوگیا جہاں راج بھون کی گیٹ پر کانگریس کا پرچم لہرایا گیا ۔ اس واقعہ نے پولیس ڈپارٹمنٹ میں ہلچل پیداکردی ہے کیونکہ راج بھون کی سیکوریٹی میں سنگین کوتاہی منظر عام پر آئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ جس علاقہ میں کانگریس کارکنوں نے راج بھون گیٹ پر پرچم لہرایا ، وہاں کے سی سی ٹی وی کیمرے غیر کارکرد تھے۔ پولیس پنجہ گٹہ نے کانگریس کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور ان کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ گورنر کی حیدرآباد میں عدم موجودگی کے سبب پولیس نے راج بھون جانے کی اجازت نہیں دی لیکن ریونت ریڈی نے پرجوش کارکنوں کے ہمراہ پولیس کی رکاوٹوں کو توڑ دیا اورآگے بڑھنے لگے۔ پولیس نے ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کو حراست میں لے لیا ۔ ریونت ریڈی اور انجن کمار یادو کو عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جبکہ دیگر قائدین کو گوشہ محل اور دیگر پولیس اسٹیشنوں میں رکھا گیا۔ حالیہ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی اپوزیشن جماعت کے کارکنوں نے راج بھون کی گیٹ پر پرچم لہرایا ہو۔ پولیس نے دو کارکنوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔ احتجاج میں شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کارکنوں کی کثیر تعداد عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن پہنچ گئی اور مظاہرہ کیا۔ کارکنوں نے پولیس کے حصار کو توڑ کر پولیس اسٹیشن میں داخلہ کی کوشش کی جس کے بعد ریونت ریڈی کو رہا کردیا گیا۔ ریونت ریڈی نے پولیس کو انتباہ دیا تھا کہ اگر کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تو پولیس اسٹیشنوں کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔ شہر میں اہم مقامات پر صبح سے پولیس کے زائد دستے تعینات کئے گئے تھے۔ شہر کے اطراف اضلاع میں کانگریس قائدین کو احتجاج میں شرکت سے روکنے کیلئے گھروں پر محروس کردیا گیا ۔ کانگریس کارکنوں کی گاڑیوں کو حیدرآباد پہنچنے سے روک دیا گیا ۔ راج بھون کے اطراف مکمل ناکہ بندی کردی گئی تھی لیکن این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس کے کارکن پولیس کو چکمہ دے کر راج بھون تک پہنچ گئے۔ قبل ازیں اندرا پارک پر منعقدہ جلسہ عام میں کانگریس کے ہزاروں کارکن شریک تھے۔ ریونت ریڈی نے حکومت اور پولیس عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ وہ کانگریس کارکنوں پر مظالم کا سلسلہ بند کریں۔ جلسہ عام میں کانگریس کے سینئر قائدین دامودر راج نرسمہا ، پونالہ لکشمیا ، محمد علی شبیر ، جگا ریڈی ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، مدھو یاشکی ، اے آئی سی سی بوس راجو ، مہیشور ریڈی ، عظمت اللہ حسینی ، انجن کمار یادو ، مہیش کمار گوڑ ، سیتکا، بلرام نائک ، ملو روی ، فیروز خاں ، ایس کے افضل الدین ، راشد خاں ، عظمیٰ شاکر ، مہیلا کانگریس کے صدر سنیتا ریڈی کے علاوہ کئی قائدین نے شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوںمیں اضافہ کی مذمت کی ۔ قائدین نے گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ریاست میں عوامی مسائل پر ایجی ٹیشن میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔
