شہر میں کرایہ داروں کو بھی مفت پانی اسکیم کی سہولت

   

حیدرآباد۔ حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت مفت پینے کے پانی سربراہی اسکیم کے دائرہ کار میں کرایہ داروں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرایہ دار اسکیم کیلئے آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں حالانکہ آبرسانی کا کنکشن مالک مکان کے نام پر ہوتا ہے۔ اپارٹمنٹس میں قیام کرنے والے افراد کیلئے اسکیم پر عمل آوری سے متعلق اُلجھن ابھی بھی برقرار ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کرایہ داروں کیلئے اسکیم کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ می سیوا سنٹرس یا حیدرآباد واٹر ورکس کی ویب سائیٹس پر کرایہ دار کسٹمر اکاؤنٹ نمبر کو آدھار سے مربوط کرسکتے ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق شہر میں 30 لاکھ کے قریب مکانات ہیں ان میں سے 47 فیصد میں مالکین جائیداد قیام کرتے ہیں۔ اگر صرف مالکین مکان کیلئے اسکیم پر عمل آوری کی گئی تو کرایہ داروں کی کثیر تعداد اس سہولت سے محروم ہوجائے گی۔ کرایہ داروں کو سہولت پہنچانے کیلئے حکومت نے تازہ ترین فیصلہ کے ذریعہ سابقہ احکامات میں تبدیلی کی ہے۔