خیریت آباد کے ساکن 74 سالہ شخص کی موت کی تحقیقات
حیدرآباد ۔ /27 مارچ (سیاست نیوز) کیا حیدرآباد میں کورونا وائرس کی وجہ سے پہلی موت ہوئی ہے ؟ ۔ پولیس اور طبی اہلکار اس کا پتہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ایک 74 سالہ شخص ساکن خیریت آباد کا جمعرات کی رات دیر گئے انتقال ہوگیا تھا ۔ اہل خانہ نے انہیں گلوبل ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹرس نے انہیں مردہ قرار دیا ۔ ڈاکٹرس نے چیک اپ کے دوران شکوک پائے جانے پر گھروالوں سے پوچھ تاچھ کی جس پر پتہ چلا کہ انہیں سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی ۔ ڈاکٹرس نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ کورونا وائرس کا شکار ہوسکتے ہیں۔ پولیس کو اطلاع دینے پر سیف آباد پولیس ٹیم فوری وہاں پہونچی اور نعش کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ کو منتقل کردیا گیا ۔ اطلاع ملنے پر جی ایچ ایم سی کی میڈیکل ٹیم بھی حرکت مے آگئی اور مرحوم کے تعلق سے معلومات حاصل کئے ۔ پتہ چلا کہ مرحوم 14 مارچ کو مذہبی خدمات کے سلسلہ میں دہلی گئے تھے اور 17 مارچ کو واپس ہوئے تھے ۔ اس کے بعد سے ان کی طبیعت میں خرابی آگئی تھی ۔ حکام نے مرحوم کی اہلیہ اور بیٹے کو گھر میں ہی قرنطینہ میں رکھ دیا ہے ۔ اب نعش کے مختلف معائنے کرکے پتہ چلانے کی کوشش کی جائیگی کہ آیا انہیں کورونا وائرس تو نہیں تھا ۔
