حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد اور اطراف و اکناف علاقوں میں صبح شدید کُہر دکھائی دیا ۔ سڑکوں پر دھند کی وجہ سے سڑک حادثات بھی پیش آئے ۔ خاص کر رنگاریڈی میں حادثات کی وجہ سے کئی افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ عوام کی بڑی تعداد سنکرانتی تہوار کی وجہ سے اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہورہی ہے ۔ علی الصبح سردی اور کُہر کی وجہ سے تھوڑی دور کے فاصلہ پر موجود شئے دکھائی نہیں دے رہی ہے ۔ پرانے شہر میں چارمینار کے پاس بھی کُہر کا منظر واضح نظر آرہا تھا ۔ شہر اور ضلع رنگاریڈی کے مختلف علاقوں میں کُہر کی وجہ سے لوگ گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ سائبر آباد پولیس کمشنر سی وی سجنار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کُہر اور سردی کے پیش نظر صبح 8 بجے کے بعد ہی اپنے گھروں سے باہر نکلیں ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ رات کے آخری پہر اور صبح صادق ڈرائیونگ سے گریز کریں ۔ محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں اتوار کی صبح بھی کہر چھایا رہے گا ۔ اس ہفتہ بھر صبح کے وقت درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی جائے گی ۔ آئندہ چار دنوں تک مطلع صاف رہے گا کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری رہے گا ۔۔