ٹرافک جام کی وجہ سے موٹر رانوں کو پریشانی ، شراب دکانوں کے سامنے کھلے عام مئے نوشی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ٹرافک کے اژدھام والے علاقوں کی سڑکوں پر غیر قانونی گاڑیوں کی پارکنگ کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ شہر کے علاقے کوٹھی ، سلطان بازار ، بڑی چوڑی ، نامپلی ، عابڈس ، گجراتی گلی ، معظم جاہی مارکٹ ، وجئے نگر کالونی ، مہدی پٹنم ، بیگم بازار ، عثمان گنج اور رسالہ عبداللہ وغیرہ غیر قانونی پارکنگ کے اڈے بنے ہوئے ہیں ۔ اور ان مقامات پر نہ صرف گاڑی سواروں کو بلکہ پیدل راہرو افراد کو بھی شدید مشکلات سے گذرنا پڑرہا ہے ۔ اور ان علاقوں میں مشہور و معروف تجارتی ادارے ، تعلیمی ادارے ، ہوٹلس ، ہاسپٹلس ، بارس ، سوپر مارکٹس اور بیکریز وغیرہ واقع ہیں اور یہاں خریداری کے لیے آنے والے گاہک بھی اپنی گاڑیوں کو سڑکوں پر پارک کرنے کی وجہ سے مسائل میں شدید اضافہ ہورہا ہے ۔ اور بعض اہم سڑکوں پر وائن شاپس ، بارس ، ہاسپٹلس اور وائن شاپس کے پاس لب سڑک گاڑیوں کو پارک کر کے شراب کی خریدی یا اسی مقام پر شراب نوشی وغیرہ سے بار بار ٹرافک جام کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ کثیر عوامی اژدھام والے علاقوں میں بڑے بڑے تجارتی اداروں کو پارکنگ ، کی عدم سہولیات کے باوجود منظوری دینے سے عہدیداران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے اور ان مسائل سے نمٹنے کے لیے عوام ٹرافک پولیس اور لا اینڈ آرڈرس پولیس کے اعلیٰ افسران سے خواہش کررہے ہیں کہ فوری اس جانب توجہ دیتے ہوئے مسائل کو حل کریں جب کہ بلدی افسران پر الزام عائد کررہے ہیں کہ وہ وقتا فوقتا دورہ کرتے ہوئے پارکنگ کی سہولیات بہم نہ پہونچانے والے تجارتی اداروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور یہ بات بھی درست ہے کہ سڑکوں کی دونوں جانب تجارت کرنے والے چھوٹے تاجرین بھی ٹرافک مسائل میں اضافہ کا سبب بن رہے ہیں اور ان چھوٹے تاجرین کی جانب سے فٹ پاتھس پر قبضوں کی وجہ سے پیدل راہرو افراد مجبوراً سڑکوں پر آمد و رفت کرتے ہوئے حادثات کے شکار ہورہے ہیں الغرض ٹرافک کے آسان بہاؤ کے لیے بلدی اور ٹرافک پولیس کے افسران کو فوری طور پر ان علاقوں میں توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔۔