پولیس کمشنر کا تعاون کیلئے مختلف محکموں سے اظہارِ تشکر
حیدرآباد ۔ 18 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز ) شہر میں گنیش و سرجن کے پرامن اختتام پر سٹی پولیس کمشنر نے چین کی سانس لی اور پولیس کے علاوہ دیگر تمام محکموں سے وابستہ عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا جو گنیش وسرجن کے مرکزی جلوس میں انتظامات کا حصہ تھے ۔ کمشنر پولیس سی وی آنند نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سال کی بہ نسبت جاریہ سال وسرجن کو تین گھنٹے قبل ہی مکمل کیا گیا ۔ تاہم انھوں نے ساؤتھ ویسٹ زون اور ایسٹ زون سے وابستہ چند آرگنائزرس کو مزید تاخیر کا ذمہ دار ٹھہرایا ۔ کمشنر پولیس آج حسین ساگر کے قریب میڈیا سے مخاطب تھے ۔ انھوں نے کہاکہ پولیس کے سخت ترین صیانتی انتظامات کے درمیان مورتیوں کا وسرجن کیا گیا ۔ انھوں نے اس احساس کا اظہار کیا کہ پولیس کیلئے ایک سخت امتحان تھا لیکن بڑی مستعدی سے سٹی پولیس کے اہلکاروں نے اس خدمات کو بخوبی انجام دیا ۔ انھوں نے محکمہ بلدیہ ، ہیلتھ ، برقی ، واٹر ورکس اور دیگر محکموں کی خدمات کی ستائش کی اور محکموں میں آپسی تال میل اور عوامی خدمات کے جذبہ کی سراہنا کی ۔ سٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ آج صبح 10:30 بجے شہر میں ٹرافک نظام پر عائد تحدیدات کو برخواست کردیا گیا تھا اور تمام ٹرافک جنکشن اور فلائی اوورس کو ٹرافک کیلئے کھول دیا گیا ۔ آج صبح تک بھی مورتیاں حسین ساگر پہونچ رہی تھیں ۔ ع