شہر میں گوشت کی فروخت پر جی ایچ ایم سی کی نظر

   

Ferty9 Clinic

سرکاری مسالخ میں ذبح نہ کئے گئے گوشت کو تلف کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد۔9۔نومبر۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے گوشت کی فروخت پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے اور سرکاری مسالخ میں ذبح نہ کئے جانے والے جانوروں کے گوشت کو تلف کرنے کے لئے خصوصی مہم کا منصوبہ ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ بغیر اسٹامپ کے گوشت کی فروخت پرکاروائیوںکی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ جی ایچ ایم سی کے شعبہ ویٹرنری کے عہدیداروں نے بتایا کہ سرکاری مسالخ کے بجائے اپنے اپنے مقامات پر ذبح کئے جانے والے جانوروں کے گوشت کے صحتمند ہونے کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی ہے۔ لہذا اس کو روکنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر ذبیحہ کو روکنے کے علاوہ صحت مند جانوروں کے گوشت کی فروخت کو یقینی بنایا جاسکے۔ شہر میںگذشتہ اپریل سے جاریہ سال جنوری کے دوران شعبہ ویٹرنری کی جانب سے 1222 کیلو بکرے کا اور 1300 کیلو سے زیادہ گائے کا گوشت تلف کیا گیا ہے جبکہ اس میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کے علاوہ ان پر 18لاکھ روپئے تک کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی شہر حیدرآباد میں کئی مقامات پرغیر مجاز ذبیحہ کا سلسلہ جاری ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں شہروں میں ریستوراں اور ہوٹلوں کے مالکین کو اس بات کا پابند بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں کہ وہ سرکاری مسالخ میں ذبح کئے گئے گوشت کی ہی خریدی کریں علاوہ ازیں شہریوں میں بھی شعور پیدا کیا جا رہاہے ۔ دونوں شہروں میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے آئندہ چند یوم کے دوران گوشت کی دکانات پر موجود گوشت پر اسٹامپ کی موجودگی کا جائزہ لیا جائے گا اور جن دکانات پر غیر سرکاری طور پر ذبح کیا گیا گوشت موجود ہوگا ان دکانات کے خلاف سخت کاروائی کرنے کے علاوہ انہیں مہر بند کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔م