کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ۔ کچھ مقامات پر گھروں میں پانی داخل ۔ آئندہ دو دن مزید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد 21 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں گھن گرج اور چمک کے ساتھ طوفانی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ضلع سنگاریڈی میں بجلی گرنے سے مویشیوں کی موت واقع ہوجانے کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں تقریباً دو گھنٹے تک طوفانی بارش ہوئی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ۔ کئی مقامات پر مکانات میں پانی داخل ہوگیا ۔ گھنٹوں ٹریفک جام ہوگئی ۔ کئی مقامات پر برقی سربراہی بھی منقطع ہوگئی ۔ حیدرآباد اور مضافاتی علاقوں میں شام 7 بجے سے گرج و چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی ۔ دفاتر اور دیگر کاروبار سے گھر لوٹنے والے افراد بارش میں پھنس گئے ۔ کئی کلومیٹر تک ٹریفک جام ہوگئی جس کی وجہ سے انہیں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ گاڑیاں چلانے والوں کو کافی مشکلات پیش آئی ۔ کئی مقامات پر مکانات میں پانی داخل ہونے سے گھریلو ساز و سامان حتی کہ پکوان کے سامان کو بھی شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے سے گاڑیوں کا گذر مشکل ہوگیا تھا ۔ یاقوت پورہ ریلوے اسٹیشن کے نیچے کمر سے اوپر تک پانی جمع ہوگیا تھا اور وہاں ہمیشہ کی طرح تالاب کا منظر دکھائی دے رہا تھا ۔ اسی طرح مولا کا چھلہ ‘ گنگا نگر اور کچھ دوسرے مقامات پر بھی گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاع ہے جس پر عوام نے حکام پر شدید برہمی اور ناراضگی کا اظہار بھی کیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے مزید دو دن شدید اور موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کرکے ایلو الرٹ جاری کیا ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی امراپالی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ درختوں ، برقی کھمبوں ، تالابوں ، نالوں کے پاس کھڑے نہ رہے اور اشد ضرورت ہو تو ہی گھروں سے باہر نکلیں ۔ بصورت دیگر گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی صورتحال ہو تو جی ایچ ایم سی کے ہیلپ لائن نمبر 040-21111111 یا پھر ڈی آر ایف نمبر 9000113667 پر ربط کریں ۔ رات 8-30 بجے تک سب سے زیادہ گولکنڈہ میں 9.1 سنٹی میٹر ، خیریت آباد میں 8.6 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ گولکنڈہ میں 7.3 سنٹی میٹر آصف نگر میں 7.1 سنٹی میٹر مہدی پٹنم میں 6.4 سنٹی میٹر ، نامپلی اور راجندر نگر علاقوں میں 5 سنٹی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اضلاع جگتیال ، جرمل ، نظام آباد ، منچریال ، کاماریڈی ، نارائن پیٹ ، ونپرتی ، ناگر کرنول ، نلگنڈہ ، ملگ ، کھمم ، سنگاریڈی میں زبردست بارش ہوئی ہے ۔۔ 2