شہر میں ہلکی اور تیز بارش کا امکان

   

جی ایچ ایم سی اور محکمہ پولیس کی چوکسی، عوام کو غیر ضروری باہر نہ نکلنے کا مشورہ

حیدرآباد۔29 ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے آسمانوں پر چھانے والے بادلوں نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ محکمہ پولیس کو بھی خوف میں مبتلاء کردیا ہے اور جی ایچ ایم سی کے علاوہ کمشنر پولیس کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی کہ موسم کے پیش نظر وہ ممکن ہو تو گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں اور گھر میں رہنے وکو ترجیح دیں۔ گذشتہ دنوں کے دوران ہونے والی بارش کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات کے بعد جی ایچ ایم سی اور محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے چوکسی اختیار کی ہوئی ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں دوپہر سے ہی مطلع ابر آلود ہونے لگا تھا جس کے ساتھ ہی ایمرجنسی ویجلنس ڈساسٹر مینجمنٹ کے سربراہ مسٹر وسواجیت کمپاٹی نے ٹوئیٹر کے ذریعہ شہریوں کے نام پیام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں اور انہوں نے شہریوں کو مطلع کیا کہ شہر حیدرآباد کے کئی نشیبی علاقو ں میں ایمرجنسی ٹیموں کو متحرک وچوکس کردیا گیا ہے۔کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار نے بھی فوری عوام کے نام پیام جاری کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ بلا ضرورت شدید گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں کیونکہ شہر میں ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ تین ہفتوں سے موسم باراں کے جاری رہنے کی پیش قیاسی اور مانسون کی برقراری کے تذکرہ کے بعد جی ایچ ایم سی کی جانب سے جو اقدامات کئے گئے ہیں ان کے متعلق بتایاجاتا ہے کہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں کہا ہے کہ وہ جاریہ موسم باراں کے دوران عوام کو کسی بھی طرح کی مشکلات سے محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں اور شہر کے تمام نشیبی علاقو ںکے قریب ایمرجنسی عملہ کی تعیناتی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے دونوں شہروں میں بارش کے پانی کی نکاسی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے ساتھ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ حیدرآباد میں 22 فیصد اضافی فاضل بارش کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں زیر زمین سطح آب میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے سبب کئی مقامات پر سیلر میں جمع پانی کے اخراج میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ پانی کے اخراج کے ساتھ زمین سے پانی ابلنے لگا ہے جو کہ زیر زمین سطح آب میں اضافہ کا ثبوت ہے ۔سہ پہر سے شہر کے کئی علاقو ںمیں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو کہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔