آئندہ تین دن کے دوران ہلکی تا اوسط بارش کا امکان
حیدرآباد 27 اگسٹ (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں شام کے وقت بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ صبح سے ہی شہر میں مطلع ابر آلود تھا اور بارش کے آثار تھے شام کے وقت بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے سبب مانسون کے دوبارہ سرگرم ہونے کی توقع ہے ۔محکمہ موسمیات نے یہ واضح کیا ہے کہ یہ آئندہ تین یوم کے دوران شہر میں مطلع ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے ۔ شہر کے کئی علاقو ںمیں بارش کے سبب پانی جمع ہونے کی شکایات ہیں اور ان کے ازالہ کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ایمرجنسی عملہ کو متحرک کرکے خصوصی توجہ کی ہدایت دی گئی ہے۔بلدیہ کی جانب سے بارش کے آغاز کے ساتھ ہی ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیا گیا تھا اور اہم مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہونے کی شکایات ملیں عملہ کو پانی کی نکاسی کی ہدایت دیتے ہوئے ای وی ڈی ایم عملہ کو ساتھ رکھنے کی تاکید کی گئی ۔ نواحی و مضافاتی علاقو ںمیں بھی بارش کی اطلاعات ہیں ۔مطلع ابرآلود ہونے اور سرد ہواؤں کے درمیان کئی مقامات پر برقی سربراہی منقطع ہوگئی اور محکمہ برقی کا کہناہے کہ ہواؤں کے ساتھ بارش کے نتیجہ میں برقی سربراہی منقطع ہوئی ہے لیکن بیشتر علاقوں میں جلد برقی سربراہی بحالی کے اقدامات کئے گئے ہیں جس سے کسی علاقہ سے طویل وقفہ تک برقی سربراہی منقطع رہنے کی شکایات موصول نہیں ہوئی ۔M