آتشزدگی کے نقصانات ، انسداداور احتیاطی تدابیر پر شعور بیداری
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : بمبئی گودی میں 14 اپریل 1944 کے قیامت خیز آتشزدگی واقعہ میں آگ بجھانے کے دوران جاں بحق بہادر فائر فائٹرس کی یاد میں ملک ہر سال 14 اپریل کو ’ فائر سرویس ڈے ‘ مناتا ہے ۔ 14 اپریل تا 20 اپریل ایک ہفتہ آتش فرو خدمات ہفتے کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ اس ہفتہ کے دوران نہ صرف آتشزدگی کے واقعات کے انسداد کے لیے چوکسی اقدامات کا درس دیا جاتا ہے بلکہ مختلف شعور بیداری پروگرامس بھی چلائے جاتے ہیں ۔ اس مقررہ ہفتہ کے دوران سماج کو آتشزدگی کے واقعات سے ہونیو الے نقصانات اور اس سے بچنے کے احتیاطی اقدامات اور ہنگامی ترکیبات سے واقف کروایا جاتا ہے ۔ شہر میں اتوار کو ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا جارہا ہے جس میں سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار اور ایڈیشنل کمشنر ضبط و قانون ڈی ایس چوہان کو پمفلٹس اور پوسٹرس کی اجرائی کے لیے مدعو کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے تمام فائر اسٹیشنوں میں عوام کو آتشزدگی کے نقصانات ان سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات اور انسداد کے طریقوں سے واقف کروانے کے لیے شعور بیداری پروگرامس منعقد کئے جائیں گے ۔ شہر حیدرآباد میں آتشزدگی کے اوسطاً 1800 واقعات پیش آئے ہیں ۔ احتیاطی تدابیر اور شعور بیداری پروگراموں کے ذریعہ حیدرآباد فائر سرویس نے آتشزدگی کے واقعات میں جانی و مالی نقصانات میں بڑی حد تک کمی کو یقینی بنایا ہے ۔۔