دو ماہ کے لیے جی ایچ ایم سی کا پائیلٹ پراجکٹ ، کامیابی پر وسعت دینے کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : پہلی مرتبہ ، تین اہم سیاحتی مقامات چارمینار ، سالار جنگ میوزیم اور مکہ مسجد اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے سینیٹیشن کا مینٹیننس ایک خانگی ایجنسی کے کنٹرول میں ہوگا ۔ پائیلٹ اساس پر ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے ان چار اہم مقامات کے سینیٹیشن کا مینٹیننس ایک ایجنسی IXORA کارپوریٹ سروسیس پرائیوٹ لمٹیڈ کو دو ماہ کے لیے حوالہ کیا ہے جس کے لیے جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی نے جمعرات کو مئیر بی رام موہن کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں منظوری دی ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے اس پائیلٹ پراجکٹ کے لیے دو ماہ کی مدت کے لیے 29.05 لاکھ روپئے ادا کئے جائیں گے ۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ یہ اقدام اس تبدیلی کو دکھانا ہے جو سیاحتی مقامات کے اطراف کے علاقوں میں اپ کیمپ اور سینیٹیشن کی آوٹ سورسنگ کے ذریعہ لائی جاسکتی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے پائیلٹ پراجکٹ کے دوران اس کے اثر ، فوائد اور اگر کوئی کوتاہیاں ہوں تو اس کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے بعد طویل مدتی کنٹراکٹ کو قطعیت دی جائے گی ۔ اس ایجنسی کے ساتھ کوئی بے جا تائید و حمایت نہیں کی جائے گی اور اس کی جانب سے بروے کار لائے جانے والے کسی مشینری اور دیگر ایکوپمـنٹ کے لیے کوئی سرویس چارجس ادا نہیں کئے جائیں گے ۔ سوائے ہر علاقہ میں کنزیومبیلس کے لیے ادا شدنی رقم کے 10 فیصد کے ۔ اس پائیلٹ پراجکٹ کے نتیجہ کی اساس پر جی ایچ ایم سی شہر میں کوئی دو درجن سیاحتی مقامات کا احاطہ کرتے ہوئے 24 گھنٹے سینٹیشن کے لیے خانگی ایجنسیوں کو مامور کرنے کی تجویز رکھتا ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راما راؤ نے بھی قومی اور بین الاقوامی شہرت کے 11 سیاحتی مقامات کے لیے سینٹیشن کے مینٹیننس اور پرائیویٹائزیشن کے لیے ہدایت دی ہے ۔۔