شہر میں 4 صحافی کورونا وائرس سے متاثر

   

زی نیوز کا نمائندہ بھی شامل ۔ مزید 24 کی رپورٹس کا انتظار
حیدرآباد۔یکم۔جون(سیاست نیوز) کورونا وائرس نے زی نیوز کا حیدرآباد میں تعاقب کیا اور اے این آئی کے ویڈیو جرنلسٹ کو بھی کورونا نے متاثر کیا ۔ شہر میں تاحال 4صحافیوں کو کورونا کی توثیق ہوئی ہے جن میں 3 ویڈیو جرنلسٹس ہیں۔ زی نیوز کے صحافی کو بھی کورونا سے متاثرہ قراردیا گیا ۔ لاک ڈاؤن کے دوران ویڈیو جرنلسٹس نے کئی مقامات کا دورہ کرکے ذمہ داریاں پوری کی ہیں جو ان کے متاثر ہونے کا سبب ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ ان کے کورونا معائنہ مثبت آنے پر متعلقہ اداروں کے 24صحافیوں کے معائنے کئے گئے جن کے نتائج آنا باقی ہیں ۔ شہر میں کورونا 4مثبت صحافیوں کا تعلق الکٹرانک میڈیا سے ہے اور ان کے معائنے مثبت آنے پر انہیں گھروں میں علحدہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ صحافی جن اداروں میں خدمات انجام دیتے ہیں ان کے بیشتر عملہ کو گھریلو قرنطینہ میں چلے جانے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ قرنطینہ کی مدت کی تکمیل تک خدمات کی انجام دہی سے دور رہیں۔