حیدرآباد۔شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 6تالابوں کو ترقی دینے اور ان کے اطراف چہل قدمی کیلئے ٹریک تعمیر کئے جائیں گے ۔ مئیر جی ایچ ایم سی جی وجیہ لکشمی نے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کی ہدایت کے بعد قطب اللہ پور میں تالابوں کے علاوہ خیریت آباد زون میں تاج بنجارہ تالاب کا دورہ کرإتے مشاہدہ کیا اور حکام کو تالابوں کی صفائی اور ان کے اطراف چہل قدمی کے ٹریک کی تعمیر کی ہدایات دی ۔ انہوں نے کہا کہ تالابوں کے تحفظ اور انہیں خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جائیں اور جن تالابوں میں گندگی ہے اور نالوں کو جوڑا گیا ہے انہیں صاف کرکے مستقل حل تلاش کئے جائیں۔ مئیر نے کہا کہ تالابوں کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کو یقینی بنانے کا منصوبہ انہیں پیش کیا جائے تاکہ حکومت سے منظوری حاصل کی جاسکے ۔ وزیر کے ٹی راما راؤ نے ٹوئیٹر پر توجہ دلائے جانے کے بعد مئیر کو ان کی صورتحال اور صفائی کا جائزہ لینے کی ہدایات دی تھی۔ قطب اللہ پور کے تالابوں کی صفائی کیلئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان کے اطراف چہل قدمی ٹریک کی تعمیر اور دیگر اقدامات اور ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری کی جائیگی اور اس کیلئے محکمہ بلدی نظم ونسق سے اجازت اور فنڈس کے حصول کا بھی منصوبہ ہے۔