شہر و اضلاع میں آئندہ تین دن ہلکی اور تیز بارش کا امکان

   

حیدرآباد۔20ستمبر(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ تین یوم کیلئے زرد انتباہ جاری کرکے ریاست کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی اور کہا کہ آئندہ تین یوم اضلاع میں ہلکی‘ تیز اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ دونو ںشہروں میں اتوار کی دوپہر کے ساتھ ہلکی بوندا باندی اور بارش کا آغاز ہوا لیکن کچھ دیر بعد بارش کے رک جانے کے ساتھ ہی مطلع ابر آلود ہوگیا۔ محکمہ مطابق اضلاع کریم نگر ‘ ورنگل‘ آصف آباد‘ نرمل‘ نظام آباد‘ حیدرآباد‘ میڑچل‘ رنگاریڈی میں آئندہ تین یوم بارش کے امکانات ہیں۔ حمایت ساگر کے لبریز ہونے کے سبب موسیٰ ندی میں پانی چھوڑنے کا جو سلسلہ جاری تھا اسے گذشتہ یوم روکا گیا ۔ محکمہ آبرسانی نے حمایت ساگر کے دروازو ںکو بند کردیا ہے لیکن رنگاریڈی ‘ وقارآباد‘ میڑچل کے علاوہ دیگر علاقوں میں بارش کے سبب دوبارہ حمایت ساگر کے کھولے جاسکتے ہیں ۔ اگر پیش قیاسی کے مطابق شہر و اطراف میں بارش ہوتی ہے تو ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا جائیگا۔محکمہ کی پیش قیاسی کے مطابق 22 ستمبر تک شہر و اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ جن اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ان میں انتظامیہ نے چوکسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔