آئندہ 10 تا 15 دن سردی محسوس کی جائے گی ۔ درجہ حرارت میں گراوٹ
حیدرآباد۔17جنوری(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد و کئی اضلاع میں سرد لہروں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ 15یوم تک سرد لہروں اور گلابی جاڑوں کا سلسلہ جاری رہیگا ۔ محکمہ موسمیات سے گذشتہ دنوں موسم سرما کے اختتام کا اعلان کردیا گیا تھا لیکن گذشتہ شب خانگی ماہرین نے ان پیش قیاسیوں کو مسترد کرکے کہا کہ تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد و سکندرآباد و مضافاتی علاقوں میں رات میں سردی کا سلسلہ جاری رہے گا اور ان سرد لہروں کا اختتام آئندہ ماہ کے اوائل ہوگا ۔محکمہ نے گذشتہ دنوں اعلان کیاتھا کہ ریاست میں سرد لہروں کا اختتام ہوچکا ہے اور سردی کی دوسری لہر بھی ختم ہوچکی ہے اور اب درجہ حرارت میں اضافہ ہو گا لیکن خانگی ماہرین نے موسم میں تبدیلی کی بنیادوں پر کے ان دعوؤں کو خارج کرکے دو یوم قبل دعویٰ کیا کہ کئی اضلاع اور دونوں شہروں میں سردی ختم نہیں ہوئی بلکہ رات میں سردی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ دن میں درجہ حرارت میں اضافہ سے گرمی کی شدت محسوس کی جائے گی لیکن شام سے ہی درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگی ۔ ماہرین کے مطابق آئندہ 10 تا 15 یوم یہ سلسلہ جاری رہے گا اور دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت 10ڈگری تک ریکارڈ ہونے کا امکان ہے جبکہ دن میں درجہ حرارت میں بہتری آئے گی اور موسم معمول کے مطابق رہے گا لیکن رات میں درجہ حرارت میں کمی سے نم سردی رہے گی جو پت جھڑ کے موسم میں گلابی جاڑوں کی طرح ہوگی ۔ اس موسم کے دوران سرد لہریں نقصاندہ نہیں ہوں گی ۔3
