شہر و اضلاع میں حالات معمول پر ۔ کہیںکوئی احتجاج نہیں ہوا

   

ملعون رکن اسمبلی کے خلاف قانونی کارروائی پر نوجوانوں کا اظہار اطمینان
حیدرآباد26 ۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے تمام اضلاع بشمول حیدرآباد میں کشیدگی ختم ہونے کے بعد حالات معمول پر آچکے ہیں اور تمام مساجد میں مصلیوں نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد پرسکون انداز میں واپسی کے ذریعہ جو پیغام دیا ہے وہ حکومت کیلئے بڑی راحت کا سبب بنا۔ پولیس اور حکومت کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد امکانی احتجاج کے پیش نظر وسیع تر وسیع انتظامات کئے گئے تھے لیکن دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع میں جمعہ کے پرسکون انداز میں گذر جانے کے بعد پولیس عہدیداروں نے راحت کی سانس لی ۔ رکن اسمبلی گوشہ محل کی شان رسالتؐ میں گستاخی کے بعد شہر و اضلاع میں زبردست احتجاج شروع کردیا گیا تھا اور راجہ سنگھ کی عدم گرفتاری کی صورت میں بعد نماز جمعہ سخت احتجاج کے خدشات تھے لیکن کل راجہ سنگھ کی پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتاری کے بعد گستاخ رسولؐ کے خلاف کاروائی کے آغاز پر مسلم نوجوانوں نے اطمینان کا اظہار کرکے جمعہ کے بعد کسی احتجاج میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا اور گذشتہ شب سرکردہ شہریوں اور قائدین کی جانب سے محلہ کی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اپیل کے ساتھ امن و امان کی برقراری میں تعاون کا مشورہ دیتے ہوئے نوجوانوں سے کہا گیا تھا کہ وہ کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے فرقہ پرستوں کو تشدد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر کرنے کا موقع ملے۔ مکہ مسجد‘ شاہی مسجد باغ عامہ ‘ مسجد عزیزیہ ہمایوں نگراور دونوں شہرو ںکی بیشتر مساجد کے پاس پولیس کے وسیع صیانتی انتظامات کئے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق تاریخی مکہ مسجد میں روایتی جمعہ سے کم تعداد میں مصلیوں نے نماز جمعہ ادا کی کیونکہ مختلف گوشوں سے کی گئی اپیل کے سبب مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے مصلیوں کی بڑی تعدا د نے اپنے علاقوں کی مساجد میں نماز ادا کرنے کو ترجیح دی۔ دونوں شہروں کی مساجد میں خطبہ سے قبل خطاب میں عظمت رسولؐ پروعظ اور بیان کئے گئے اور علماء اکرام اور و خطباء نے نوجوانوں کے جذبہ ٔ حب رسولؐ کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کیا کہ وہ اپنی زندگیو ںمیں اسوۂ رسول اکرم ؐ اختیار کرکے انقلابی تبدیلی لائیں ۔ دونوں شہروں کی مساجد میں خطباء نے حرمت رسولﷺ کے عنوان پر خطابات میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسولؐ کی عظمت اور ان کے ذکر کو بلند کیا ہے اور قرآن اعلان کرتا ہے کہ اللہ اور اس کے رسولؐ کو ایذاء پہنچانے والوں پر اللہ کی لعنت ہے اور اللہ نے ان کیلئے بڑا عذاب تیار کررکھا ہے۔ م