شہر و اضلاع میں شب برات کا خشوع وخضوع سے اہتمام

   

بڑی مساجد میں خصوصی اجتماعات‘ رقت انگیز دعائیں

حیدرآباد۔3۔فروری(سیاست نیوز) دونوںشہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں شب برأت کا نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیاگیا ۔ دونوں شہروں کی بیشترمساجد میں شب برأت کے موقع پر خصوصی اجتماعات اور دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کرنے کے علاوہ مختلف مقامات پر جلسہ ہائے فضائل شب برأت کا انعقاد عمل میں لایاگیااور ان جلسہ ہائے فضائل شب برأت سے ملک کے مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والے سرکردہ علماء و مشائخین نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو ماہ رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریوںکی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں دعوت دین کا زرین موقع مسلمانوں کے پاس دستیاب ہے اور اگر موجودہ ماحول میں ہندوستانی مسلم نوجوان اپنے اخلاق و کردار کے ذریعہ دعوت دین الہیٰ کا کام انجام دیتے ہیں تو ایسی صورت میں ملک کی صورت تبدیل ہوجائے گی۔ شہر کے مختلف مقامات بالخصوص قلی قطب شاہ اسٹیڈیم‘ چنچل گوڑہ گراؤنڈ کے علاوہ میلاد میدان خلوت مبارک میں بھی جلسہ ہائے فضائل شب برأت منعقد ہوئے ۔جامع مسجد چوک و جامع مسجد دارالشفاء میں امارت ملت اسلامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ ہائے شب برأ ت سے مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے خصوصی خطاب کے دوران ملک کے موجودہ حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندستان میں سیکولر ازم کا تحفظ کسی ایک فرد واحد کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کے تحفظ کے ذریعہ ملک کو امن وامان کا گہوارہ بنائیں۔ انہوں نے شب برأت کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ نصف شعبان کی اس شب مبارکہ کے دوران اللہ تعالیٰ اپنے حبیب پاک محمد مصطفی احمد مجتبیٰ ﷺ کی امت کے بے شمار امتیوں کی بخشش فرماتے ہیں۔بے شمار امتی دوزخ سے برأت حاصل کرتے ہیں۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ اس مبارک رات میں خصوصی عبادتوں کے اہتمام کے ذریعہ اپنی دنیا و آخرت کے لئے دعاء کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اہل و عیال کی صحت و درازیٔ عمر و کشادگی رزق کے لئے دعاء کرتے ہوئے خاتمہ بالخیر کی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ دونوں شہروں کی مختلف مساجد و خانقاہوں میں شب برأت کے موقع پر منعقد ہونے والے اجتماعات کے دوران فضائل شب برأت بیان کرنے کے علاوہ تلاوت سورۂ یسین کا بھی خصوصی اہتمام کیاگیا اور رقت انگیز دعائیں کی گئیں۔3