شہر و اضلاع میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری

   

آئندہ چار دن موسلادھار بارش کی پیش قیاسی ، 40 تا 50 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان

حیدرآباد۔19۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے 4 اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں میںموسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ اضلاع کیلئے انتباہ میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی ہے بلکہ کئی اضلاع کیلئے آرینج الرٹ و زردالرٹ کو برقرار ہے ۔ دونوں شہروں کو محکمہ نے زرد الرٹ میں شامل رکھا ہے اورماہرین کے مطابق دونوں شہرو ںمیں گذشتہ شب بھی رات بھر ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ آج سہ پہر کے بعد شہر میں گھنے بادل رہے لیکن کئی مقامات پر محض ہلکی بوندا باندی ہوئی جبکہ اضلاع میں بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے جن 4 اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ان میں محبوب آباد‘ ملوگو‘ جئے شنکر بھوپل پلی اور بھدادری کتہ گوڑم شامل ہیں۔ حیدرآباد وسکندرآباد کے متعلق محکمہ نے کہا کہ دونوں شہروں میں 40 تا 50 کیلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ہلکی اور تیز بارش کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے سبب پیدا ہونے والے طوفان کا اوڈیشہ ‘ آندھراپردیش اور تلنگانہ پر اثر دیکھا جاسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی ریکارڈ نہیں کی جائے گی بلکہ 19 اگسٹ کی رات دیر گئے بھی مسلسل بارش ہونے کا امکان ہے جو کہ صبح کی اولین ساعتوں تک جاری رہے گی۔خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثرات کا سلسلہ اگر مزید جاری رہتا ہے تو ایسی صورت میں تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور دونوں شہروںحیدرآبادو سکندرآباد میں انتہائی موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے جبکہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع کے علاوہ دیگر مقامات پر ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب پیدا شدہ صورتحال کے نتیجہ میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران بھی یہ سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی گئی۔3