شہر و اضلاع کے اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں کورونا کیسوں میں اضافہ

   

ایک دن میں تقریباً 50 کیس منظر عام پر، عہدیداروں کی چوکسی، سرپرستوں میں تشویش
حیدرآباد۔ سرکاری اسکولوں اور ہاسٹلس میں کورونا سے متاثر ہونے کے واقعات میں تیزی سے طلبہ و سرپرستوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ گذشتہ ہفتہ کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع میں اقامتی اسکولوں وہاسٹلس میں کورونا سے تقریباً 100 طلبہ متاثر ہوئے ۔اطلاعات کے مطابق ناگرکرنول کے مہاتما جیوتی راؤ پھولے اقامتی اسکول کے 12 طلباء کورونا پازیٹیو پائے گئے ۔ 19 مارچ کو اسکول کے 2 طلباء کورونا سے متاثر پائے گئے اور مزید طلباء کے ٹسٹ کئے گئے جن میں 12 طلباء کورونا پازیٹیو آئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول کے جملہ 16 طلباء کورونا سے متاثر ہوئے۔ ڈسٹرکٹ سوشیل ویلفیر آفیسر انیل پرکاش کے مطابق متاثرہ طلباء کو ضلع کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ حکام نے ضلع میں کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر بچوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق بالا عدالت کے اہتمام کو منسوخ کردیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ ٹیچرس کی جانب سے اولیائے طلبہ سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا گیا۔ دیگر طلباء کو ان کے مکانات بھیجنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ صورتحال کے مکمل قابو میں آنے کے بعد ہی باقاعدہ کلاسیس کا آغاز کیا جائے گا۔ اس سے قبل ایس ٹی ہاسٹل راجندر نگر میں 22 طلباء کورونا متاثر ہوئے تھے۔ ہفتہ کو ریاست کے 2 سرکاری ہاسٹلس میں جملہ 49 طلباء کورونا سے متاثر پائے گئے ان میں سے شہر کے مضافاتی علاقوں کے 37 اور ناگرکرنول ضلع کے 12 شامل ہیں۔ گورنمنٹ ہائی اسکول گرلز سکندرآباد کے 37 طلباء کورونا پازیٹیو پائے گئے جبکہ 150 طلباء کا ٹسٹ کیا گیا تھا۔ اسکول کے دیگر طلباء کے ٹسٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ٹرائیبل ویلفیر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بوئن پلی میں یہ اسکول چلایا جارہا ہے۔