شہر و مضافات میںڈبل بیڈ روم فلیٹس کی مانگ میں اضافہ

   

مکانات کی بجائے فلیٹس عوام کی ترجیح میں شامل ۔ مختلف سہولیات پر بھی خصوصی توجہ

حیدرآباد۔19ڈسمبر(سیاست نیوز) شہرمیں ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی مانگ میں اضافہ ہوجانے لگا ہے اور عوام مکانات کے بجائے فلیٹس کی خریدی کو ترجیح دے رہے ہیں ۔سال 2021کے اختتام اور آخری سہ ماہی میںجائیدادوں کی خریدی کے رجحانات کا جائزہ لینے پر انکشاف ہوا کہ دونوں شہروں کے علاوہ اطراف میں دو کمروں پر مشتمل فلیٹس کے حصول کا رجحان دیکھا گیا جبکہ 3کمروں کے فلیٹس کی خریدی کے رجحان میں کوئی نمایاں کمی نہیں آئی ۔ خریداروں کی جانب سے جگہ ‘ علاقہ اور قیمت کے ساتھ سہولتوں کو دیکھا جا رہاہے اورجن سہولتوں پر توجہ دی جا رہی ہے ان میں کار پارکنگ‘ سیکیوریٹی‘ گیٹڈ سسٹم‘ الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن‘ معمرین کیلئے ریمپ و کلب ہاؤز کا جائزہ لیا جانے لگا ہے ۔ دونوں شہروں میں مختصر خاندان کے نظریہ میں اضافہ دیکھا جانے لگا ہے ۔ کہاجا رہاہے کہ 2020 مارچ کے بعد جو حالات تبدیل ہوئے ہیں ان کا جائیداد کی خریدی کرنے والوں پر اثر ہے ۔ وہ مکانات کے بجائے ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی خریدی پر توجہ دے رہے ہیں۔ جولائی تا ستمبر2021 کے رجحانات کے مطابق حیدرآباد میں ایک کمرہ کے فلیٹ کے خریداروں کا فیصد محض ایک رہا جبکہ 2BHK فلیٹس کے خریداروں کا فیصد 46 رہا ۔ 48 فیصد خریداروں نے 3کمروں پر مشتمل فلیٹس میں دلچسپی دکھائی ہے اور 3 کمروں سے زیادہ پر مشتمل فلیٹس کے خریداروں کا فیصد 5 تک محدود رہا ۔ شہر میں خریداروں کے رجحانات کے ساتھ دیگر سرکردہ شہروں کے رجحانات کا بھی جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آرہی ہے کہ 2اور3 کمروں پر مشتمل فلیٹس کی خریدی کے رجحان میں اضافہ ہوا اور وہ ان فلیٹس کے ساتھ عصری سہولتوں و حفاظتی امور و پارکنگ پر توجہ دینے لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ شہری علاقوں میں عوام کی توجہ ان سہولتوں کے علاوہ فلیٹ میں انٹیریئر اور سامان پر بھی توجہ دی جا رہی ہے ۔ شہر کے علاوہ دہلی ‘ ممبئی ‘ بنگلورو‘ چینائی ‘ پونے اور کولکتہ میں فلیٹس کی خریدی کے رجحانات کو دیکھتے ہوئے کہا کہ جا رہاہے کہ مختصر خاندانوں کے لئے رہائشی سہولت کے حصول پر توجہ دی جانے لگی ہے۔م