بلدیہ کے کنٹراکٹ ملازمین کی ہلاکت پر اے ریونت ریڈی کی برہمی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگسٹ ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے شہر حیدرآباد کا ڈرینج نظام درہم برہم ہوجانے اور اس کو باقاعدہ بنانے میں ناکام ہوجانے کا ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر پر الزام عائد کیا ۔ شہر حیدرآباد کے مضافات صاحب نگر میں نالے کی صفائی کے دوران ہلاک ہوجانے والے ورکرس شیوا اور اننتیا کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور انہیں پرسہ دیا اس موقع پر ریونت ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے کنٹراکٹ پر خدمات انجام دینے والے دو ملازمین ہلاک ہوگئے ہیں حکومت نے ابھی تک اس پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر ، میئر جی ایچ ایم سی اور کمشنر جی ایچ ایم سی نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہلوکین کے ورثہ سے ملاقات کرنا بھی گوارہ نہیں کیا اور ناہی ان کیلئے کوئی ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ حکومت کے اس رویے کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ مہلوکین کے ورثاء کو حکومت یا جی ایچ ایم سی کی جانب سے فوری ایکس گریشا کا اعلان نہ کرنے کی صورت میں قومی سطح پر تمام اداروں کو اس کی شکایت کرنے کا انتباہ دیا ۔ ریونت ریڈی نے متاثرہ خاندان کے مکانات میں بیٹھ کر ایل بی نگر زونل کمشنر اوپیندر ریڈی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور متعلقہ عہدیداروں کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مین ہول میں اُتر کر انسانوں کے کام کرنے کو قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا ۔ کنٹراکٹر کے خلاف کریمنل مقدمہ درج کرتے ہوئے جیل کو روانہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ مہلوکین کے ورثا کو فوری ایکس گریشا جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔