شادنگر میں صفائی انتظامات کیلئے نئی گاڑیوں کی سہولت، رکن اسمبلی وی شنکر کا خطاب
شادنگر۔ 2؍نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ شہر میں صفائی ستھرائی کے اقدامات میں ایک نئی روایت قائم کرتے ہوئے اور انقلابی تبدیلیوں کی شروعات کرتے ہوئے، شہر کو “کلین اینڈ گرین” بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے، یہ بات شادنگر کے ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر نے کہی۔ ہفتہ کی صبح، مونسپل کمشنر سنیٹا ریڈی کی نگرانی میں 50 لاکھ روپے کے فنڈ سے ڈرینیج پائپوں کی صفائی کے لیے جیٹنگ گاڑی اور 5 لاکھ روپے مالیت کی سویپنگ گاڑیوں کا ویرلاپلی شنکر نے باقاعدہ طور پر افتتاح کیا۔ اس موقع پر مونسپل وائس چیئرمین محمد علی خان بابر، کانگریس پارٹی ٹاؤن صدر کے چنّیا، اور دیگر معزز افراد موجود تھے۔ تقریب کے آغاز پر روی شرما نے نئی گاڑیوں کی خصوصی پوجا انجام دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر نے کہا کہ حلقہ کی مونسپلٹیوں کی ترقی کے لیے حکومت مالی طور پر بھرپور مدد فراہم کر رہی ہے اور انقلابی تبدیلیوں کی شروعات کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں رکھی جا رہی ، اور کروڑوں روپے خرچ کرتے ہوئے شہر کو “کلین اینڈ گرین” بنانے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف افرادی قوت پر انحصار کرنے کے بجائے اب جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جب ڈرینیج نظام میں رکاوٹ آتی ہے ، تو جیٹنگ گاڑی کے ذریعہ اسے صاف کر کے مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح شہر کے اہم علاقوں کی صفائی کے لیے سویپنگ مشین کارآمد ثابت ہوگی۔ ایم ایل اے نے وعدہ کیا کہ مزید ضروری گاڑیاں جلد فراہم کی جائیں گی تاکہ مونسپل عملہ کو مشکلات نہ ہوں اور مشکل ترین کاموں کو آسانی سے انجام دیا جا سکے۔ نئی گاڑیوں کی فراہمی پر مونسپل کمشنر اور عملہ نے ایم ایل اے ویرلاپلی شنکر کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مارکیٹ کمیٹی وائس چیئرمین محمد علی خان بابر، کانگریس سینئر رہنما کرشن ریڈی، ٹاؤن صدر چنّیا، سید قدیر ، مبارک علی خان، کوپّلا پروین، نلمونی شری دھر، سابق کونسلر راجندر ریڈی، دی رمیش، لنگاریڈی گوڑم اشوک، نڈیکوڑ یادگیری یادو، آر این راجو، دلیپ، ایڈوکٹ مادھول، نیرتی واسو، روی، ویرلاپلی انور، محبوب اور دیگر افراد موجود تھے ۔