شہر کی آئی ٹی کمپنیوں کے 40 فیصد ملازمین دفاتر سے رجوع

   

ختم سال تک صد فیصد ملازمین کے رجوع ہونے کا امکان
حیدرآباد۔5اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے 40 فیصد تک ملازمین کو دفتر آنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور تین شفٹوں میں کام کرنے والی کمپنیوںمیں اب مجموعی اعتبار سے دو دن میں ایک مرتبہ دفتر سے کام کرنے کی اجازت فراہم کی جانے لگی ہے اورکہا جار ہاہے کہ جاریہ سال کے اختتام تک صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کمپنیوں کی جانب سے 100 فیصد عملہ کو دفاتر سے کام کرنے کی اجازت فراہم کردی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے متعدد مرتبہ انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کی کشادگی کے سلسلہ میں اقدامات کی توجہ دہانی اور آئی ٹی ملازمین کو ٹیکہ اندازی کے امور کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق بین الاقوامی کمپنیوں کے ذمہ داروں نے علاقائی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ ملازمین کو دفتر طلب کرنے کا اختیار دیا ہے ۔ان کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کاکہنا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں موجود کمپنیوںمیں خدمات انجام دینے والے ان ملازمیں کو دو یوم کے وقفہ سے دفتر پہنچ کرکام کرنے کی اجازت فراہم کی جار ہی ہے جنہوں نے کورونا وائرس کا ٹیکہ حاصل کرلیا ہے علاوہ ازیں دفاتر میں داخلہ پر ان کے جسم کی حرارت ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کے دفاتر میں سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی مادھا پور‘ گچی باؤلی‘ مدینہ گوڑہ اور اطراف و اکناف کے علاقوں اور نارسنگی کے اطراف چہل پہل میں اضافہ دیکھا جانے لگا ہے۔آئی ٹی کمپنیوں میں خدما ت انجام دینے والوںکا کہناہے کہ زائد از 18ماہ بعد انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کی عمارتو ںمیں چہل پہل میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ماسک اور سماجی فاصلہ کے اصولوں پر بھی عمل آوری دیکھی جا رہی ہے۔ریاستی حکومت کے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے عہدیداروں کی جانب سے مسلسل آئی ٹی کمپنیوں کے ذمہ دارو ںکو گھر سے کام کاج کے کلچر کو ختم کرنے کی اپیل کی جا رہی تھی لیکن بین الاقوامی کمپنیوں کے اصولوں کے سبب ایسا ممکن نہیں ہوپا رہا تھا۔آئی ٹی کمپنیو ںمیں 40 فیصد عملہ کے ساتھ دفتری کام کاج کے آغاز کے بعد ان کے معمولات اور وائرس کے پھیلنے کے امور پرخصوصی توجہ دی جا ئے گی ۔آئی ٹی کمپنیوں کے عہدیداروں نے بتایا کہ عملہ کی دفاتر واپسی کے عمل کے آغاز سے کام کاج کی رفتار بہتر ہونے کے علاوہ آن لائن سیکیوریٹی نظام میں بھی بہتری پیدا ہوگی اسی لئے عملہ کی تعداد میں بتدریج اضافہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔م