کھانے کے برتن ‘ پانی اور چائے کے گلاس دھوئے جا رہے تھے ۔ عوام کا انتظامیہ پر شدید اظہار برہمی ۔ کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد /6 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد کی ایک ہوٹل میں ڈرینیج کے گندے پانی کے ذریعہ برتن ‘ گلاس وغیرہ دھونے کا سنگین واقعہ منظر عام پر آیا ۔ یوسف گوڑہ علاقہ میں واقع ایک اڈوپی ہوٹل میں ڈرینج کے پانی سے برتن دھوئے جارہے ہیں اور ان برتنوں میں گاہکوں کو غذا فراہم کی جارہی ہے ۔ یوسف گوڑہ علاقہ میں واقع سری کرشنا اڈوپی پارک ہوٹل کا ویڈیو وائرل ہوگیا ۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد شہریوں نے شدید برہمی کا اظہار کرکے ہوٹل انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور فوجداری مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد شہریوں نے ہوٹل کے لائیسنس کو منسوخ کرکے ہوٹل کو بند کروانے پرزور مطالبہ کیا اور انسانی صحت سے کھلواڑ کرنے والی ہوٹل اور اس کے مالکین کو عبرتناک سزاء دیتے ہوئے دوسروں کیلئے ایک پیغام دینے کا مطالبہ کیا تاکہ کسی اور ہوٹل کی جانب سے ایسی حرکت نہ کی جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یوسف گوڑہ علاقہ میں واقع سری کرشنا اڈوپی پارک ہوٹل میں گذشتہ چند دنوں سے ڈرینج کے پانی سے برتن صاف کئے جارہے ہیں ۔ اس ہوٹل کے قریب پائپ لائین میں طویل عرصہ سے لیکیج پایا جاتا ہے اور ڈرینج کا پانی بہہ رہا ہے ۔ ہوٹل انتظامیہ نے اس مسئلہ کو نظر انداز کردیا اور گندے پانی کا استعمال جاری رکھا یہ پانی نہ صرف صحت کیلئے مضر ہے بلکہ غذاء کے برتنوں کی اس سے صفائی انسانی صحت سے سنگین کھلواڑ ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے باورچی خانے میں روزآنہ استعمال ہونے والی پلیٹس گلاس اور چائے کے کپ اس ڈرینج کے پانی سے صاف کئے جاتے ہیں۔ بلدی حکام کی جانب سے شہر میں صحت و صفائی اور ہوٹل رسٹورنس میں سربراہ کی جانے والی غذائی اشیا پر نظر رکھنے کے باوجود اس طرح کے واقعات کا منظر عام پر آنا بلدی حکام کی لاپرواہی پر بھی سوالیہ نشان لگاتاہے ۔ شہریوں نے متعلقہ بلدی حکام کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔ ع