شہر کی بسوں میں مسافرین کی تعداد میں بھاری کمی : اجئے کمار

   

حیدرآباد 12 مارچ ( سیاست نیوز ) کورونا وباء کا حیدرآباد میں آر ٹی سی پر بہت تباہ کن اثر پڑا ہے ۔ شہر کی آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے والے یومیہ مسافرین کی تعداد 36 لاکھ سے گھٹ کر 22 لاکھ ہوگئی ہے ۔ وزْر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے اسمبلی کو یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء نے عوام کی نقل و حرکت کی ترجیحات میں تبدیلی لائی ہے ۔ لوگ پبلک ٹرانسپورٹ کی بجائے شخصی ذرائع حمل و نقل کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں بسوں میں سفر کرنے والے مسافرین کی تعداد میں کمی آئی ہے ۔ مسافرین کی تعداد میں کمی سے آر ٹی سی کو بھاری نقصانات ہو رہے ہیں۔ ڈیزل قیمتوں میںاضافہ کے نتیجہ میں یہ نقصانات اور بھی بڑھ گئے ہیں۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت 62 روپئے فی لیٹر سے بڑھ کر 98 روپئے فی لیٹر ہوگئی ہے جس سے کارپوریشن پر یومیہ 1.8 کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں باقاعدہ بس خدمات میں اضافہ کیا جائیگا تاہم منی بسیں نہیںچلائی جائیں گی کیونکہ یہ نفع بخش نہیں ہیں۔ اجئے کمار نے بتایا کہ 2014 سے صرف 98 بسوں کو سڑکوں سے ہٹالیا گیا ہے جن میں 20 منی بسیں تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں ڈبل بسوں کو دوبارہ متعارف کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے ایچ ایم ڈی اے کے ذریعہ 10 بسیں فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے ۔