زونل کمشنر روزانہ عوام کے درمیان رہیں، کچرے کی نکاسی اور آلودگی پر توجہ دی جائے، نئے زونل کمشنرس کے ساتھ ریونت ریڈی کا جائزہ ا جلاس
حیدرآباد ۔ 30۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی توسیع کے ضمن میں بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے آؤٹر رنگ روڈ کے اندرونی حدود میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ اجلاس میں حال ہی میں تقرر کئے گئے زونل کمشنرس نے بھی شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے آؤٹر رنگ روڈ کے داخلی حدود میں کور اربن ریجن اکنامی ایریا کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی جامع ترقی کیلئے حکومت نے تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 ڈاکیومنٹ جاری کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کور اربن ریجن اکنامی کے حدود میں 12 نئے زون ، 60 سرکلس اور 300 بلدی وارڈس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر بلدی نظم و نسق کے ذریعہ شہری حدود میں ترقیاتی سرگرمیوں کو انجام دینا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کی توسیع کے ذریعہ حیدرآباد کی جامع ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کچرے کی نکاسی اور صحت و صفائی اہم مسئلہ ہے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو جامع حکمت عملی تیار کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ زونل کمشنر کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہری مسائل کا حل تلاش کریں۔ چیف منسٹر نے زونل کمشنرس کو روزانہ اپنے حدود میں دورہ کرتے ہوئے عوام سے ربط قائم کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد کو پلاسٹک سے پاک کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے، اس سلسلہ میں عہدیداروں کو توجہ دینی چاہئے تاکہ آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کور اربن حدود میں ڈیزل سے چلنے والے آٹوز اور بسوں کی جگہ الیکٹرک گاڑیوں کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں آلودگی پر قابو پانے کیلئے حکومت تمام ضروری قدم اُٹھائے گی۔ تالابوں ، نالوں اور جھیلوں کے تحفظ کے علاوہ ڈمپنگ علاقوں کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 3 تا 4 دنوں میں شہر میں صفائی پر خصوصی مہم چلائی جائے۔ سڑ ک پر کہیں بھی کچرا یا عمارتوں کا ملبہ دکھائی نہیں دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پیدائش اور موت کے رجسٹریشن کے علاوہ ٹریڈ لائسنس اور دیگر امور کے بارے میں خصوصی مہم چلائی جائے۔ آن لائین خدمات کے ذریعہ عوامی مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔ کالونی ویلفیر اسوسی ایشنوں اور اپارٹمنٹ اسوسی ایشنوں کے ساتھ اشتراک کے ذریعہ صحت و صفائی کی مہم کو کامیاب کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے گڈ گورننس سے اسمارٹ گورننس میں تبدیلی کی تجویز پیش کی۔ حیڈرا ، جی ایچ ایم سی اور واٹر ورکس کے محکمہ جات کو جنوری سے نالوں کی صفائی اور تحفظ کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ چیف منسٹر نے اسٹریٹس لائیٹس کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل چیف سکریٹری کو حیدرآباد میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے زونل کمشنر سے کہا کہ وہ آبادیوں میں مچھروں پر قابو پانے اور وبائی امراض سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔ ہر 10 دن میں کچرے کی صفائی کی خصوصی مہم چلائی جائے۔ چیف منسٹر نے ٹول فری نمبرس پر عوامی شکایات کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کی ترقی کیلئے آئندہ پانچ برسوں کا ایکشن پلان تیار کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام اور سرکاری محکمہ جات متحدہ طور پر کام کرتے ہوئے شہر کی ترقی کو یقینی بناسکتے ہیں۔1
