جگتیال میں ٹیکس وصولی کے ضمن میں اجلاس، ضلع کلکٹر شیخ یاسمین باشا کا خطاب
جگتیال۔/24مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر محترمہ شیخ یاسمین باشا نے کہاکہ عوام اپنے جائیداد کے محصول کو 31مارچ سے قبل ادارکرتے ہوئے شہر کی ترقی کیلئے اپنا تعاؤن پیش کریں۔میونسپل چیرپرسن گولی سرینواس کی زیر صدارت منعقدہ جائیداد کے ٹیکس کی وصولی کیلئے میونسپل ایمرجنسی میٹنگ میں معزز ضلع کلکٹر محترمہ شیخ یاسمین باشا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر کلکٹر نے بلدی جگتیال کے حلقہ واری جائیداد ٹیکس کے بقایا جات کا جائزہ لیا۔اور کہا کہ تمام اعزازی وارڈ ممبران کو چاہیے کہ وہ شہری ترقی کے لیے 100 فیصد ٹیکس ادائیگی سے متعلق لوگوں میں بیداری پیدا کریں۔اور ہر وارڈ میں 100 فیصد ٹیکس کی وصول میں تعاون کیا جائے۔ جن پر بڑی رقم واجب الادا ہے ان کی نشاندہی کی جائے اور انہیں آگاہ کیا جائے اور جمع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر ٹیکس ایک ساتھ ادا نہیں کیا جا سکتا تو جزوی ادائیگی کی سہولت بھی دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میں موجود غلط فہمی جیسے رعایت اور سود کی معافی کو دور کیا جائے اور ٹیکس ادا کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہری ترقی کے لیے 100 فیصد ہاؤس ٹیکس جمع کیا جائے کیونکہ 15ویں مالیاتی کمیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد 100 فیصد ٹیکس جمع نہ ہونے کی صورت میں روک دی جائیں گی۔اس موقع پر چیرپرسن گولی سرینواس نے کہا کہ معزز کلکٹر کی ہدایات کے مطابق وارڈ کے تمام ممبران شہر کی ترقی کے لیے 100 فیصد ٹیکس جمع کرنے میں تعاون کریں گے اور جگتیال کو بہترین شہر بنانے کیلئے سخت محنت کریں گے۔ اس میٹنگ میں ضلع ایڈیشنل کلکٹر مندا مکرندو، میونسپل کمشنر بی نریش، وارڈ کونسلرز، کوآپشن ممبران اور افسران نے شرکت کی۔