شہر کی تین سرکردہ مساجد میں ماہ رمضان المبارک کی تیاریاں تیز

   

ضلع اقلیتی بہبود دفتر سے جائے نمازوں اور کھجوروں کی فراہمی کیلئے ٹنڈر کی اجرائی

حیدرآباد۔17جنوری(سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت حیدرآباد کی تین سرکردہ مساجد میں ماہ رمضان المبارک کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں اورپولیس کی سفارش کے بنیاد پر موجودہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد میں اضافہ کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ موجودہ سی سی ٹی وی کیمرے جو مسجد میں نصب ہیں وہ ناکافی ہیں ۔تاریخی مکہ مسجد میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں دھاندلیوں اور غیر مجاز افراد کی ان کیمروں تک رسائی کی مسلسل شکایات موصول ہورہی ہیں اور مکہ مسجد میں ماہ رمضان المبارک کے دوران کھجور کی سربراہی اور جائے نمازوں کی خریدی کے معاملات میں بھی دھاندلیوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ اس بار ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر نے ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل جائے نمازوں کی خریدی کے علاوہ کھجور کی سربراہی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے سلسلہ میں ٹنڈر اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ڈی ایم ڈبلیواو کے دفتر سے جاری ٹنڈر اعلامیہ کے مطابق تاریخی مکہ مسجد‘ شاہی مسجد باغ عامہ ‘ کے علاوہ سیکریٹریٹ کی مسجد میں جائے نمازوں کے علاوہ ماہ رمضان المبارک کے دوران ’سکھری کھجور‘ کی سربراہی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی تفصیل جاری کی گئی اوران ٹنڈر میں کوئی بھی وہ شخص جو اہل ہو 17 جنوری سے ٹنڈردستاویزات حج ہاؤز میں 6ویں منزل پر واقع ڈی ایم ڈبلیو او کے دفتر سے رجوع ہوکر حاصل کرسکتا ہے ٹنڈر فارمس 17 تا 22 جنوری جاری کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق تاریخی مکہ مسجد میں 40 سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ‘ 2800 میٹر سفید چادر(چاندی کا پاٹ) 22 ہزار 230 فیٹ جائے نماز کی تنصیب کے علاوہ 2150 کیلو کھجور کی فراہمی کیلئے یہ ٹنڈر طلب کیاگیا ہے اور اس ٹنڈرکے ادخال کی آخری تاریخ 23جنوری شام 5بجے تک رکھی گئی ہے اور ٹنڈرفارم کے ساتھ درخواست گذار کو 1000 روپئے ڈیمانڈ ڈرافٹ بحق ڈی ایم ڈبلیو او حیدرآباد جمع کروانا ہوگا۔ ٹنڈرس کی کشادگی 24جنوری کو حج ہاؤز میں 6ویں منزل پر سہ پہر تین بجے عمل میں لائی جائے گی۔3