غذا نہ ملنے سے دہشت، راہگیر اور پولیس ملازمین کو بھی پریشانی
حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں سڑکوں پر موجود آوارہ کتے بھی انہیں کھانے کیلئے کچھ نہ ملنے کے سبب نفسیاتی امراض کا شکار ہوتے ہوئے بلیوں کو نشانہ بنانے لگے ہیں اور رات کے اوقات میں آوارہ کتوں کی دہشت سے سڑکوں پر خدمات انجام دینے والے پولیس ملازمین بھی خوفزدہیں۔ لاک ڈاؤن کے سبب شہر میں ہوٹلیں مکمل طو رپر بند رہنے کے سبب کوڑا کرکٹ میں آنے والی ہڈیاں اور دیگر ایسی اشیاء جو آوارہ کتوں کی غذاء بنتی تھی وہ انہیں میسر نہیں آرہی ہے اور نہ ہی ان آوارہ کتوں کو کسی ٹھیلہ بنڈی یا دیگر مقام کے قریب پھینکی جانے والی اشیائے خورد و نوش حاصل ہورہی ہیں جس کے سبب کتوں کا بھوک سے برا حال ہے اور وہ محلوں میں پالتو بلیوں کو نشانہ بنانے لگے ہیں علاوہ ازیں ان آوارہ کتوں کو رات دیر گئے تک بھی کوئی شئے دستیاب نہ ہونے کی صور ت میں وہ سڑکوں پر دہشت پھیلا رہے ہیں جس کے سبب سڑکوں پر رات دیر گئے تک خدمات انجام دینے والے پولیس عہدیداروں اور اہلکاروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور کہا جا رہاہے کہ رات کے وقت جو پولیس اہلکار سڑکو ں پر اپنے ٹفن کھا رہے ہیں ان پر بھی کتے حملہ آور ہورہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں چندرائن گٹہ‘ عنبر پیٹ‘ فلک نما‘ محبوب چوک‘ حسینی علم‘ بندلہ گوڑہ ‘ سعید آباد‘ سنتوش نگر‘ عیدی بازار‘ بھوانی نگر ‘ مغلپورہ اور دیگر علاقوں میں کتوں کی دہشت سے شہریوں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندآباد کی کئی اہم سڑکوں مہدی پٹنم‘ ٹولی چوکی ‘ مراد نگر‘ ہائی ٹیک سٹی اور دیگر مقامات پر آوارہ کتوں کے حملوں کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں جنہیں روکنے کیلئے فوری طور پر اقدامات ناگزیر ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے لاک ڈاؤن کی مدت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہر حیدرآباد کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام انجام دیئے جا رہے ہیں اسی طرح جی ایچ ایم سی عملہ کی جانب سے آوارہ کتوں کو پکڑنے کیلئے بھی اگر اس مدت کے دوران خصوصی مہم چلائی جاتی ہے تو ایسی صور ت میں لاک ڈاؤن کے خاتمہ تک شہر حیدرآباد سے آوارہ کتوں کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ محکمہ پولیس کے علاوہ محکمہ صحت کے عہدیداروں اور اہلکاروں کی جانب سے بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے اس بات کی خواہش کی گئی ہے کہ وہ ان کی آمد ورفت کو پر سکون بنانے کیلئے فوری اس جانب توجہ دیتے ہوئے شہر کی سڑکوں کو آوارہ کتوں سے پاک بنانے کی مہم کا آغاز کریں۔
