شہر کی لاج میں سپریم کورٹ کے وکیل کی مشتبہ موت

   

حیدرآباد : /6 فبروری (سیاست نیوز) سیف آباد علاقہ میں واقع ایک لاج میں سپریم کورٹ کے وکیل کی مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق 77 سالہ بی سائی بابا متوطن ودیا نگر مغربی گوداوری ، آندھراپردیش نے بدم بالا کرشنا لاج واقع سیف آباد میں ایک کمرہ کرایہ پر حاصل کیا تھا اور گزشتہ دو دن سے وہاں مقیم تھا ۔ کل دن بھر دروازہ نہ کھولنے پر ہوٹل منیجر نے سیف آباد پولیس کو آگاہ کیا اور پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ کر دروازہ کھول کر اندر داخل ہو ئی اور دیکھا کہ سائی بابا بیہوشی کی حالت میں پڑا ہوا ہے ۔ دواخانہ کو منتقلی کے بعد وہاں کے ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ پولیس سیف آباد نے اس سلسلہ میں مشتبہ حالت میں موت واقع ہونے کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔