شہر کی متعدد شاہراہوں پر تاریکی ، کئی سڑکوں کے اسٹریٹ لائٹس بند

   

مسافروں کی آمد و رفت متاثر ، حادثات اور آوارہ کتوں کا خطرہ ، جی ایچ ایم سی خواب غفلت میں
حیدرآباد۔7مارچ(سیاست نیوز) شہر کی اہم سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس رات کے اوقات میں بند رہنے لگی ہیں اور کوئی بھی اس بات کا جواب دینے تیار نہیں ہے کہ کیوں اسٹریٹ لائٹس کو بند رکھا جا رہاہے ۔ دونوں شہروں کی کئی اہم سڑکوں پر رات کے اوقات میں اسٹریٹ لائٹس کو بند رکھے جانے کے سبب سڑکوں پر نظر آنے والی رونق ختم ہوتی نظر آرہی ہے اور کئی مقامات پر حادثات کے خدشات میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی نگرانی میں موجود یہ اسٹریٹ لائٹس شام کے ساتھ ہی کھول دی جاتی تھیں لیکن گذشتہ ایک ہفتہ سے نامپلی‘ معظم جاہی مارکٹ‘ مہدی پٹنم ‘ چندرائن گٹہ کے علاوہ دیگر علاقو ںمیں اسٹریٹ لائٹس کو بند رکھا جا رہاہے جبکہ شہر ی علاقوں میں رات کے اوقات میں اسٹریٹ لائٹس ناگزیر ہیں اور کئی مصروف سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس بند رہنے سے لوگوں میں یہ احساس پیدا ہونے لگا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے برقی کٹوتی کے اقدامات کے طور پر اسٹریٹ لائٹس کو بند کیا جا رہاہے جبکہ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ کے عہدیداروں کا کہناہے کہ محکمہ برقی کی جانب سے ایسی کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کا کہناہے کہ اسٹریٹ لائٹس کو کھولنا اور بند کرنا کنٹراکٹرس کی ذمہ داری ہے جبکہ کئی علاقو ں میں آٹومیٹک اسٹریٹ لائٹس کھولنے اور بند کرنے کا بھی تجربہ جاری ہے۔دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں موجود اہم سڑکوں پر رات کے وقت اسٹریٹ لائٹس بند ہونے کے سبب آوارہ کتوں کے غول نظر آنے لگے ہیں جو راہگیروں پر حملہ آورہوسکتے ہیں اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو فوری حرکت میں آتے ہوئے شہر کی اہم سڑکوں پر بند کی جانے والی اسٹریٹ لائٹس کی وجوہات کا جائزہ لیں اور اگر ان میں کوئی خامیاں پیدا ہوئی ہیں توانہیں بہتر بنانے کے اقدامات کرتے ہوئے شہر کی سڑکوں کو روشنی سے منور کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے بھی کئی علاقوں میں اہم سڑکوں پر رات کے وقت اسٹریٹ لائٹس نہ کھولے جانے کی شکایت موصول ہورہی ہے جس کے سبب راتوں میں سنسان علاقہ جرائم کے مراکز میں تبدیل ہونے کا بھی خدشہ ہے۔معظم جاہی مارکٹ اور نامپلی کی سڑک پر موجود لائٹس کو بہتر بنانا ضروری ہے۔