شہر کے اطراف نئے بس اسٹیشن

   

املی بن ، جے بی ایس میں بھیڑ کم کرنے کا اقدام
اپل ، ایل بی نگر ، لنگم پلی ، آرام گھر میں نئے بس اسٹیشن کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کی سڑکوں پر آئندہ آر ٹی سی کی ڈسٹرکٹ سرویس دکھائی نہیں دے گی ۔ ٹریفک جام کے مسئلہ کو حل کرنے اور سڑکوں پر ٹریفک بہاؤ کو آسان بنانے کے علاوہ اضلاع کے مسافرین کی سہولت کے لیے اسی طرح کے اقدام کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ شہر میں موجود دو بڑے بس اسٹیشن املی بن اور جوبلی بس اسٹیشن اب برائے نام بڑے بس اسٹیشن رہ جائیں گے ۔ چونکہ آر ٹی سی نے شہر کے اطراف بڑے بس اسٹیشن کا منصوبہ تیار کرلیا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں داخلہ کے اہم راستوں شاہراہوں پر ان بس اسٹیشن کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ اپل ، ایل بی نگر ، لنگم پلی اور آرام گھر کے علاقوں میں بڑے بس اسٹیشن کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ جدید تقاضوں سے لیس ان بس اسٹیشن میں مسافرین کی تمام ضروریات کے لحاظ خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ شہر حیدرآباد آنے والے مسافرین کی آمد و رفت کے لیے یہ مجوزہ منصوبہ سہولت بخش ہونے کا آر ٹی سی کے عہدیدار دعویٰ کررہے ہیں چونکہ مسافرین کو شہر تک لانے والی بسیں شہر میں داخل نہیں ہوسکتی ۔ مسافرین کو اپنے اضلاع و مقامات پر پہونچنے کے لیے ان بس اسٹاپ کا رخ کرنے میں آسانی ہوگی ۔ جس کی وجہ سے ٹریفک جام سے بچنے کے ساتھ ساتھ وقت بھی کافی کم لگے گا چونکہ شہر سے شہر کے باہر اضلاع کے راستوں تک پہونچنے میں بسوں کو گھنٹوں ٹریفک جام کا مسئلہ درپیش رہتا ہے ۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش سے روزانہ ایک لاکھ 50 ہزار تا ایک لاکھ 80 ہزار شہری شہر حیدرآباد پہونچتے ہیں ۔ جب کہ تہواروں کے موقع پر یہ تعداد دگنی ہوجاتی ہے ۔ اضلاع سے آنے والی بسوں کو نواحی علاقوں سے املی بن اور جے بی ایس پہونچنے کے لیے ایک تا دو گھنٹے کا وقت لگتا ہے ۔ اس مجوزہ نئے بس اسٹیشن کے قیام سے ٹریفک جام کی پریشانی کے علاوہ وقت کی اہمیت بھی بڑھے گی ۔ دونوں تلگو ریاستوں کے علاوہ دیگر ریاستوں سے روزانہ شہر آنے والی بسوں کی تعداد 5500 سے زائد بتائی گئی ہے ۔ املی بن بس اسٹیشن سے روزانہ 3 ہزار سے زائد بسیں اور جوبلی بس اسٹیشن سے 1200 سے زائد بسوں کی آمد و رفت ہوتی ہے اور ٹریفک کے سبب ان بسوں کو اپنی منزل تک پہونچنے میں مقررہ وقت میں دیڑھ تا 2 گھنٹے تاخیر ہوتی ہے ۔ جس کے سبب آر ٹی سی نے نواحی علاقوں میں بس اسٹیشن کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اپل میں نئے بس اسٹیشن کی تعمیر سے ورنگل کی جانب والے مسافرین کو فائدہ ہوگا ۔ اس طرح ایل بی نگر کے بس اسٹیشن سے وجئے واڑہ اور نلگنڈہ کی جانب مہدی پٹنم سے وقار آباد ، رنگاریڈی ، شنکر پلی ، آرام گھر سے محبوب نگر ، کرنول ، بنگلورو ، شمس آباد کی جانب مسافرین کو سہولت ہوگی ۔ میاں پور اور لنگم پلی کے علاقہ میں بس اسٹیشن کی تعمیر سے ظہیر آباد ، سنگاریڈی ، پونے کی جانب راستوں پر مسافرین کے مسائل کو کم کرنے اور کم وقت میں اپنے مقامات کو پہونچنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔۔A