انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند کمپنیوں کو مراعات
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت نے شہر حیدرآباد کے اطراف موجود 11 صنعتی کلسٹرس کو آئی ٹی پارک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے ساتھ شہر کے مغربی حصہ یعنی مادھا پور‘ گچی باؤلی‘ امین پور‘ کونڈا پور‘کوکٹ پلی ‘ کوکا پیٹ کے سواء دیگر علاقوں میں انفارمیشن ٹکنالوجی مراکز کے قیام پر کئی مراعات کی فراہمی کا اعلان کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف امور کا جائزہ لینے کے بعد GRID پالیسی کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں ریاستی کابینہ نے GRID پالیسی کو منظوری دیتے ہوئے صنعتی کلسٹرس کو آئی ٹی پارک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے حکومت نے انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند کمپنیوں کو مغربی کاریڈور کے سواء دیگر علاقوں میں سرمایہ کاری کی صورت میں مراعات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں قائد کئے گئے ان 11 آئی ٹی پارکس میں سرمایہ کاری اور اپنے دفاتر قائم کرنے والی کمپنیوں اور ادارو ں کو حکومت کی جانب سے آئندہ 5 برسوں تک فی یونٹ برقی میں 2روپئے کی رعایت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جو لوگ ان علاقوں میں اپنے دفاتر کو منتقل کرناچاہتے ہیں ان کے تجارتی برقی کنکشن کو ازخود صنعتی برقی کنکشن میں تبدیل کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ حکومت نے 500 سے زائد نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے والی کمپنیوں کو مزید مراعات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے اور اس کمپنی کو اینکر کمپنی کا درجہ دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ حکومت نے مسائل کے دور میں ترقی کے سلسلہ میں جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے تحت مغربی راہداری سے باہر نکلنے کے خواہشمند اداروں اور کمپنیوں کے لئے خصوصی مراعات کی فراہمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ موجودہ آئی ٹی کاریڈور ہائی ٹیک سٹی ‘ مادھاپور‘ گچی باؤلی‘ کوکٹ پلی وغیرہ میں ٹریفک کے مسائل اور آبادی میں ہونے والے تیز رفتار اضافہ کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد میں ان علاقو ںمیں منتقلی کو دیکھتے ہوئے آئی ٹی صنعت کو دوسرے علاقو ںمیں فروغ دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے GRID پالیسی کے تحت تیار کئے گئے منصوبہ میں 500 سے زائد نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنانے والی کمپنیو ںکو ان کی جانب سے کی جانے والی تعمیرات کے 50 فیصد تک کے غیر انفارمیشن ٹکنالوجی مقاصد کے لئے استعمال کی اجازت بھی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس منصوبہ کے اعلان سے کئی آئی ٹی کمپنیو ںکی جانب سے ان 11 صنعتی کلسٹرس میں اپنے اداروں کے قیام کے علاوہ ملازمین کے لئے رہائشی پراجکٹس کی تعمیر کا بھی امکان ہے ۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ حکومت کے اس منصوبہ سے شہر کے ہر حصہ اور شعبہ کی مجموعی ترقی کو ممکن بنایا جاسکتا ہے اسی لئے ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط بھی جاری کردیئے ہیں۔