طبی و مذہبی سیاحت کو فروغ دینے پر زور ‘ چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔30۔اگسٹ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے باہر ایک اور زوپارک کے قیام کا جائزہ لیا جائے اور تلنگانہ میں طبی سیاحت و مذہبی سیاحت اور ایکو ٹورازم کے فروغ پر توجہ دینے نئی پالیسی مدون کرنے اقدامات کئے جائیں۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج سیکریٹریٹ میں جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ نئی پالیسی کی تیاری کے ذریعہ تلنگانہ میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے اجلاس کے دوران SPEED (اسمارٹ ‘ پروایکٹیو‘ افیشینٹ اینڈ ایفکٹیو ڈیلیوری ) کے تحت شروع کردہ پراجکٹس کی تفصیلات حاصل کیں ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت اس منصوبہ کے تحت عوامی شراکت داری کے ساتھ پراجکٹس کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس منصوبہ پر عمل کیلئے عہدیدارو ںکو متحرک رہتے ہوئے نئی پالیسی کی نہ صرف تیاری کرنی ہوگی بلکہ اس منصوبہ پر عمل کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے ۔چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ملک کی دیگر ریاستوں میں جاری سیاحتی منصوبوں اور سیاحوں کو راغب کرنے اقدامات کا مطالعہ کریں اور ان کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ حکومت کو پیش کریں۔چیف منسٹر نے ریاست میں سیاحتی پالیسی کی تیاری کے ساتھ تلنگانہ میں سرکردہ سیاحتی مقامات کو سیاحوں کے دلچسپی کے مراکز کے طور پر ترقی دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ شہر کے علاوہ پڑوسی اضلاع میں سیاحوں کی دلچسپی کے مقامات کی ترقی کو یقینی بنانے کی تاکید کی ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی نئی پالیسی کی تیاری کے ساتھ سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں کو راغب کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں وزیرسیاحت مسٹر جوپلی کرشنا راؤ‘ صدرنشین ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن پٹیل رمیش ریڈی ‘ چیف سیکریٹری شانتی کماری و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ عہدیداروں نے ہیلی ٹورازم کے فروغ کے منصوبہ سے چیف منسٹر کو واقف کروایا ۔3