گھر کے حفاظ سے استفادہ ، بیرونی افراد کے داخلہ پر روک ، خصوصی دعائیں ، ذکر و اذکار کار کی محفلیں
حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) شہر کے بیشتر مکانات میں افراد خاندان کیلئے نماز تراویح کا اہتمام کیا جانے لگا ہے اور اس تراویح کے اہتمام کے دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھا جا رہاہے کہ بیرون خاندان کا کوئی فرد اس جماعت کا حصہ نہ بنے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں مسلمانوں کی جانب سے گھروں میں پنجوقتہ نمازوں کے ساتھ تراویح کا بھی اہتمام کیاجارہا ہے اور اس کے لئے حفاظ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں لیکن گھر میں کسی پڑوسی یا دور کے رشتہ دا ر کو داخلہ کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق جب مساجد کو مقفل رکھا گیا ہے تو گھروں میں سب کی مشترکہ جماعت کے اہتمام کے بعد کوئی مقصد ہی باقی نہیں رہ جاتا ۔ اسی لئے جن گھروں میں جگہ دستیاب ہے ان گھروں میں افراد خانہ کیلئے تراویح کا اہتمام کیا جانے لگاہے۔ جن گھروں میں حفاظ اکرام موجود ہیں ان گھروں میں باہر سے حافظ کو بھی گھر پہنچنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ گھر کے افراد ہی جماعت کا حصہ ہیں۔ اسی طرح جن مکانات میں حفاظ اکرام کو مدعو کیا جا رہاہے ان کا خصوصی خیال رکھا جا رہاہے اور انہیں اس بات کا خیال رکھنے کی تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ صفائی کے ساتھ ساتھ سماجی دوری کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔شہر حیدرآباد کے کئی علاقو ںمیں مکانات میں شام کے وقت افطار سے قبل خصوصی دعائیہ اجتماع منعقد ہورہے ہیں اور گھر کے افرادخاندان حالات کے معمول پر آنے کیلئے دعاء کر رہے ہیں اور حالات کے معمول پر آنے کے ساتھ توبہ و استغفار کر رہے ہیں۔گھروں میں تراویح کے اہتمام کے سلسلہ میں ایک صاحب نے بتایا کہ وہ ایک مشترکہ خاندان کے فرد ہیں اور ان کے افراد خاندان جماعت کا حصہ بن رہے ہیں اور کسی بیرونی فرد کو اجازت نہیں دی جا رہی ہے اسی طرح ایک ایک محلہ میں کئی گھرانوں میں افراد خاندان کیلئے نماز تراویح کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں بھی گھریلو سطح پر نماز تراویح کے اہتمام کے ساتھ محافل ذکر و اذکار کا اہتمام کیا جا رہاہے اور گھروں میں اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ نماز تراویح کے ساتھ معنی و ترجمہ کی سماعت کا بھی اہتمام کیا جائے ۔حفاظ اکرام جو شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں ان کا کہناہے کہ وہ حکومت کے احکامات کا خیال رکھتے ہوئے اپنے حفظ کو مضبوط رکھنے کیلئے تراویح میں قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔