حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) رویاوتی کے بعد کرناٹک کی 33 سالہ ہاتھی، لکشمی کا جولائی میں سکندرآباد اور پرانے شہر حیدرآباد میں نکالے جانے والے تین بونال جلوسوں میں استعمال کیا جائے گا۔ ہاتھی لکشمی ٹمکور، کرناٹک میں ہوراپیٹ میں سری کری بسواسوامی مٹھ میں سری سری سری جگت گروچنا بسوا راجندرا مہاسامیگل کی ہے۔ لکشمی کو 12 جولائی کو حیدرآباد لانے کیلئے راہ ہموار ہوگئی ہے کیونکہ تلنگانہ انڈومینٹس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے کرناٹک کے چیف وائیلڈ لائف وارڈن سے ٹرانسپورٹ پرمٹ حاصل کرلیا ہے۔ لکشمی کو ٹکور سے براہ بیلاری پہلے سکندرآباد لایا جائے گا جو14 جولائی کو سکندرآباد میں سری اجینی مہانکالی مندر سے نکالے جانے والے بونال جلوس میں حصہ لے گی۔ لکشمی، دو علحدہ بونال جلوسوں میں بھی حصہ لے گی جو 20 جولائی کو سری نلہ پوچماں اور مہانکالی مندر، سبزی منڈی، کارون سے نکالے جائیں گے اور 21 جولائی کو پرانے شہر میں سری اکنامادنا مندر، ہری باؤلی سے نکالے جانے والے جلوس میں حصہ لے گی۔