شہر کے بڑے سرکاری دواخانوں میں تیمارداروں کیلئے سہولتوں کی فراہمی

   

قیام کے علاوہ رعایتی شرح پر ناشتہ اور کھانا، چیف سکریٹری سومیش کمار کی ہدایت

حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے تمام بڑے سرکاری دواخانوں میں دسہرا تہوار سے تیمار داروں کیلئے رہائش اور غذا کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اس سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے تمام اہم سرکاری دواخانوں میں مریضوں کے ساتھ ساتھ ان کے تیمارداروں کیلئے قیام کی سہولت فراہم کرنے کیلئے قریبی علاقوں میں عمارتوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ حالیہ اسمبلی اجلاس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد کے اہم سرکاری دواخانوں میں مریضوں کے علاوہ ان کے تیمارداروں کو قیام کی بہتر سہولتیں اور غذا کی فراہمی کی ہدایت دی تھی۔ چیف سکریٹری نے چیف منسٹر کے احکامات کے مطابق بڑے دواخانوں سے متصل علاقوں میں شیلٹرس کی نشاندہی کی ہدایت دی ہے۔ دسہرہ تہوار سے شیلٹرس کا آغاز کیا جائے گا۔ ہرے کرشنا مشن فاونڈیشن کے اشتراک سے مریضوں کے تیمار داروں کیلئے رعایتی قیمت پر ناشتہ اور کھانے کے انتظام کی تجویز پیش کی گئی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ تیمارداروں کیلئے رہائش کے علاوہ پینے کا پانی اور صحت و صفائی کے انتظامات پر توجہ دی جانی چاہیئے۔ نمس، نیلوفر، عثمانیہ، گاندھی ہاسپٹلس کے علاوہ ٹمس، کنگ کوٹھی، فیور ہاسپٹل، ایم جے کینسر ہاسپٹل، گورنمنٹ میٹرنیٹی ہاسپٹل میں مریضوں کے علاوہ تیمار دار بڑی تعداد میں موجود رہتے ہیں۔ ان تمام کیلئے دسہرہ تہوار سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ سومیش کمار نے کہاکہ مریضوں کے ساتھ آنے والے افراد کیلئے اہم مسئلہ کی یکسوئی ہوجائے گی۔ اجلاس میں سکریٹری محکمہ صحت سید علی مرتضیٰ رضوی، ہرے کرشنا مشن چیارٹیبلفاؤنڈیشن کے چیف ایکزیکیٹو آفیسر کونتیا داس، چیف منسٹر کے او ایس ڈی ڈاکٹر گنگادھر، میڈیکل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر چندر شیکھر، ڈائرکٹر کینسر ہاسپٹل ڈاکٹر جیہ لتا، سپرنٹنڈنٹ فیور ہاسپٹل ڈاکٹر شنکر، سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل ڈاکٹر راجہ رام کے علاوہ دیگر ہاسپٹلس کے سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی۔ر