شہر کے بیکری ، آئس کریم پارلر اور مال میں فوڈ سیفٹی عہدیداروں کے دھاوے

   

کراچی بیکری، کلو فائن ڈائن، فائیر فلائی ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی

حیدرآباد۔/5 مئی، ( سیاست نیوز) محکمہ صحت، میڈیکل اینڈ فیملی ویلفیر کے کمشنر آف فوڈ سیفٹی نے کراچی بیکری معظم جاہی مارکٹ حیدرآباد پر دھاوا کرتے ہوئے مدت ختم ہونے کے باوجود بیکری اشیاء کے اسٹاک کے خلاف کارروائی انجام دیا۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر آف فوڈ سیفٹی کے عہدیداروں کے کراچی بیکری پر دھاوے کے دوران بیکری کی مختلف اشیاء جیسے رُسک، بسکٹس، کینڈی، چاکلیٹ کیکس، ٹوسٹس اور بن جس کی مالیت 5 ہزار 200روپیوں پر مشتمل تھی کی استعمال کی مدت ختم ہوچکی تھی تاہم اس کے اسٹاک کی موجودگی کے خلاف کارروائی کرکے اشیاء کو ضبط کیا اور اس کو ضائع کردیا۔ اس کے علاوہ دیگر قواعد کی خلاف ورزی جیسے پیسٹری اور کیکس پر تواریخ کا عدم اندراج پر بھی کارروائی کی۔ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹانڈرڈ اتھاریٹی قواعد کے مطابق اشیاء پر تواریخ کا اندراج لازمی شرط ہے تاہم کراچی بیکری نے شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تواریخ کو درج نہیں کیا ہے۔ عہدیداروں نے دوران چیکنگ بہت ساری اشیاء پر لیبلنگ بھی نہیں کی گئی تھی جوکہ شرائط کی خلاف ورزی ہے ۔ اس کے علاوہ عہدیداروں نے حمایت نگر میں واقع کلوویجیٹرین فائن ڈائن میں بھی کارروائی کرتے ہوئے ایکسپائیری اشیاء جیسے چیز، سیرپ اور سینڈوچ بریڈس کو بھی ضبط کیا ۔ اسی طرح اسی علاقہ میں واقع کریم اسٹون آوٹ لٹ کے خلاف کارروائی کی جہاں بناء تواریخ کے کیکس سربراہ کیا جارہا تھا جبکہ بلال آئس کریم معظم جاہی مارکٹ آوٹ لٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جعلی برانڈ واٹر باٹلس کی فروختگی اور لائسنس کے بغیر آوٹ لٹ چلایا جارہا تھا۔ فائیر فلائی ریسٹورنٹ میں کارروائی کے دوران پسٹ اور تغدیہ بخش کی خلاف ورزی کے مرتکب پایا گیا۔ اسی طرح سرتھ سٹی مال میں غیر معیاری پانی کے بوتلس اور اسی مال میں واقع ٹکوبل میں تیل کے دوبارہ استعمال کی نشاندہی کی گئی ہے۔