شہر کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ کا امکان

   

حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ خاص طور پر حیدرآباد میں جاریہ ماہ کے ختم تک اقل ترین واعظم ترین درجہ حرارت میں 2 تا 3 ڈگری اضافہ کا امکان ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کی جانب سے جاری کردہ موسمی پیش قیاسی کے مطابق اقل ترین درجہ حرارت 19 تا 22 ڈگری سلسیس ہونے کا امکان ہے جب کہ اعظم ترین درجہ حرارت 32 تا 35 ڈگری سے زیادہ ہوگا ۔ ریاست پر جنوب سے آنے والی ہواؤں کے برقرار رہنے سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا ۔ اس دوران موسم کے خشک رہنے کا بھی امکان ہے ۔ گذشتہ ماہ پتھا منچریال ( منچریال ) میں اعظم ترین درجہ حرارت 39.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا جب کہ اقل ترین درجہ حرارت کمرا بھیم میں 19 فروری کو 8.2 ڈگری رہا ۔ شہر میں اقل ترین درجہ حرارت 18 تا 22 ڈگری جب کہ اعظم ترین درجہ حرارت 32 تا 34 ڈگری ہوگا جاریہ سال موسم گرما کے جلد آغاز کے باعث آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان ہے ۔ شہر میں پہلے ہی رطوبت محسوس کی جارہی ہے اور دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ مارچ کے ابتداء ہی سے درجہ حرارت میں اضافہ اور 40 ڈگری تک پہنچنے کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دن کے درجہ حرارت میں اضافہ سے رات میں بھی گرمی کی شدت محسوس کی جائے گی کیوں کہ اقل ترین درجہ حرارت تقریبا 30 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے اور یہ صورتحال مارچ اور مئی کے مہینوں کے درمیان برقرار رہنے کا قوی امکان ہے ۔۔